Inquilab Logo

آئی پی ایل میں آج راجستھان اور دہلی مد مقابل

Updated: March 28, 2024, 12:34 PM IST | Jaipur

دہلی کو نئے سیزن میں اب تک کامیابی نہیں ملی ہے۔ کپتان پنت پربہتر کارکردگی کا دباؤ۔ راجستھان فتح کا سلسلہ جاری رکھنے کا متمنی۔

Delhi Capitals captain Rishabh Pant and David Warner. Photo: INN
دہلی کپیٹلز کے کپتان رشبھ پنت اور ڈیوڈ وارنر۔ تصویر: آئی این این

جب دہلی کیپٹلس جمعرات کو یہاں راجستھان رائلز کے خلاف آئی پی ایل سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی تو تمام نظریں کپتان رشبھ پنت پر ہوں گی جبکہ ٹیم کو بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔ ایک سنگین کار حادثے کی وجہ سے۴۵۳؍ دن تک باہر رہنے کے بعد، پنت پنجاب کنگز کے خلاف اپنے نئے ہوم گراؤنڈ ملن پور میں واپسی میں صرف۱۳؍ گیندوں (۱۸؍ رن) تک ہی کھیل پائے۔ 
پنت نے وکٹ کے پیچھے بہت متاثرکن مظاہرہ کیا اور جیتیش شرما کو اسٹمپ کر دیا۔ اپنے پہلے میچ کے ابتدائی جھٹکوں پر قابو پانے کے بعد پنت جلد ہی اپنا فارم تلاش کرنے کیلئے بے چین ہوں گے کیونکہ انہیں ٹرینٹ بولٹ، روی چندرن اشون اور یزویندر چہل جیسے تجربہ کار گیند بازوں کا سامنا ہے۔ ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے پہلے میچ میں ڈیوڈ وارنر اور مشیل مارش کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کا انتخاب کیا تھا تاکہ یہ جوڑی مڈل آرڈر میں پنت کے دباؤ کو دور کرنے کے لئے زیادہ رن بنا سکے تاہم یہ دونوں اچھی شروعات کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور دباؤ پنت پر پڑا۔ وکٹ کیپر بلے باز ابھیشیک پوریل نے ۳۲؍ رن کی ناٹ آؤٹ شاندار اننگز کھیلی جس کی وجہ سے دہلی کی ٹیم ایک وقت میں ۷؍ وکٹ پر۱۳۸؍ رن بنا کر مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود ۹؍ وکٹ پر ۱۷۴؍ رن کا باعزت اسکور بنانے میں کامیاب رہی۔ پورل کو `امپیکٹ پلیئرکی حیثیت سے استعمال کیا جاتا تھا، جس سے دہلی میں ایک گیند باز کم ہوتا تھا۔ مسئلہ اس وقت بڑھ گیا جب ایشانت شرما نے اپنا ٹخنہ زخمی کرلیا۔ اس تیز گیند باز کے کچھ میچوں سے باہر ہونے کا امکان ہے۔ 
ٹیم کو کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل کی اسپن جوڑی سے بھی کافی امیدیں ہوں گی۔ گزشتہ میچ میں سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کی خشک پچ پر راجستھان رائلز کے جوس بٹلر اور یشسوی جیسوال کی اوپننگ جوڑی کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے گیند بازوں کے خلاف پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن کے ناقابل شکست۸۲؍ رن کی بدولت رائلز کی ٹیم ۲۰؍ رن سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ 
مسلسل ۵؍ویں بار سیمسن نے رائلز کے سیزن کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنا کر اگلے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں بطور وکٹ کیپر بلے باز اپنا دعویٰ مضبوط کر دیا ہے۔ ریان پراگ بھی اچھے فارم میں نظر آئے ہیں۔ رائلز کے ٹاپ ۴؍ بلے باز دہلی کے بولنگ آرڈر کو تباہ کرنے کی کوشش کریں گے اور ایسی صورتحال میں کلدیپ اور اکشر کا کردار اہم ہوگا۔ رائلز کے گیند باز بھی اچھے فارم میں ہیں۔ جہاں گیندباز بولٹ نے نئی گیند سے متاثر کیا، وہیں سندیپ شرما نے ڈیتھ اوورس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے سپر جائنٹس کو ۱۷۳؍رن تک محدود رکھا تھا۔ 
راجستھان رائلز: جوس بٹلر، یشسوی جیسوال، سنجو سیمسن (کپتان اور وکٹ کیپر)، ریان پراگ، شیمرون ہتمائر، دھرو جوریل، روی چندرن اشون، ٹرینٹ بولٹ، ناندرے برجر، اویس خان، یزویندر چہل۔ دہلی کیپٹلس: ڈیوڈ وارنر، مشیل مارش، شائی ہوپ، رشبھ پنت (کپتان اور وکٹ کیپر)، رکی بھوئی، ٹرسٹن اسٹبس، اکشر پٹیل، سمیت کمار، کلدیپ یادو، ایشانت شرما اور خلیل احمد۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK