Inquilab Logo

پہلے کوالیفائر میں کولکاتا اور حیدرآباد کا مقابلہ

Updated: May 21, 2024, 1:11 PM IST | Agency | Ahmedabad

آئی پی ایل کے اہم میچ میں دونوں میں سے ایک ٹیم کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانا چاہے گی۔ مقابلے میں رنوں کا انبار لگنے کا امکان۔

Shreyas Iyer and Pat Cummins. Photo: INN
شریاس ایّراور پیٹ کمنس۔ تصویر : آئی این این

انڈین پریمیر لیگ (ای پی ایل )کے پہلے کوالیفائر میں منگل کو جب ان فارم کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا سامنا `رن مشین سن رائزرس حیدرآباد سے ہوگا تو اس وقت شائقین کو زبردست تفریح دیکھنے کو ملے گی۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس اس سال آئی پی ایل کے پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم تھی جبکہ سن رائزرس نے آخری لیگ میچ میں پنجاب کنگز کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے کر دوسرے نمبر پر رہی۔ 
 لیگ مرحلے کے۷۰؍ میچوں میں ٹاپ ۲؍ پوزیشنز پر رہنے والی ان ٹیموں کو گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں بارش کی وجہ سے اچھا وقفہ ملا ہے۔ تاہم پلے آف سے قبل میدان میں زیادہ وقت نہ گزارنے کا چیلنج بھی مشکل ہے۔ کے کے آر اور سن رائزرس، جو سیکڑوں کلومیٹر کا سفر طے کر کے یہاں پہنچے ہیں، انہیں حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کیلئے زیادہ وقت نہیں ملے گا۔ دونوں نے اپنا آخری لیگ میچ اتوار کو ہی کھیلا تھا۔ اگرچہ سن رائزرس نے پورا میچ کھیل کر پنجاب کو شکست دی لیکن کے کے آر اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جا سکا۔ کے کے آر نے اپنا آخری مکمل میچ ۱۱؍ مئی کو کھیلا تھا۔ بارش میں خلل آنے سے پہلے کے کے آر نے لگاتار۴؍ میچ جیتے تھے، آخری۲؍ میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گئے تھے۔ ٹاپ رینک والے کے کے آر کو وکٹ کیپر بلے باز فل سالٹ (۴۳۵؍ رن) کی کمی محسوس ہوگی جوٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے وطن واپس آئے ہیں۔ سالٹ اور سنیل نارائن (۴۶۱) نےکے کے آر کو شاندار آغاز فراہم کیا ہے۔ 
 کپتان شریاس ایّر (۲۸۷؍ رن) مڈل آرڈر میں متاثر نہ کر سکے لیکن ان کی غیر موجودگی ٹیم کو یاد نہیں آئی۔ رائلز کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے نہ ہونے کی وجہ سے سالٹ کی جگہ ٹیم میں آنے والے رحمان اللہ گرباز پریکٹس نہیں کر سکے جس سے کے کے آر کیمپ پریشان ہو گا۔ کے کے آر کے لئے نتیش رانا اور آندرے رسل کا فارم میں ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ کاغذ پر کے کے آر اور سن رائزرس برابر کی ٹیمیں لگ رہی ہیں جس کی وجہ سے یہ میچ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔ 
 ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما دونوں نے۲۰۰؍ سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ پر رن بنا کر ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ہیڈ نے جارحانہ بلے بازی کی ایک نئی تعریف قائم کی ہے اور اب تک ایک سنچری اور ۴؍ نصف سنچریوں سمیت۵۳۳؍ رن بنا چکے ہیں۔ ان کے ساتھ ابھیشیک (۴۶۷؍ رن) بھی آزادانہ طور پر کھیل چکے ہیں اور آئی پی ایل میں اب تک۴۱؍ چھکے لگا چکے ہیں۔ 
 سن رائزرس کے پاس تیسرے نمبر پر راہل ترپاٹھی جیسا قابل بھروسہ بلے باز ہے۔ ہینرک کلاسن فارم میں واپس آئے ہیں اور انہوں نے پنجاب کے خلاف۴۲؍ رن بنائے۔ پچھلے سال احمد آباد میں ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میں دیکھا گیا تھا کہ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ کامیابی ملتی ہے۔ ۶؍ میں سے ۴؍ کے بعد ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کامیاب رہی ہے۔ کے کے آر کے پاس تیز گیند بازوں کے ساتھ ساتھ بہترین اسپنرس بھی ہیں جس کی قیادت مشیل اسٹارک کر رہے ہیں، جبکہ سن رائزرس کی گیند بازی کی قیادت کپتان پیٹ کمنس کر رہے ہیں۔ اس سیزن میں اپنے آخری میچ میں کے کے آر نے سن رائزرس کو ۴؍ رن سے شکست دی تھی۔ 
  کولکاتا نائٹ رائیڈرس: ٹریوس ہیڈ، ابھیشیک شرما، نتیش ریڈی، ہینرک کلاسن (وکٹ)، عبدالصمد، شہباز احمد، سنویر سنگھ، پیٹ کمنس (کپتان)، بھونیشور کمار، جے دیو انادکٹ، مینک مارکنڈے۔ سن رائزرس حیدرآباد: رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، سنیل نارائن، وینکٹیش ایّر، شریاس ایّر (کپتان)، نتیش رانا، آندرے رسل، رنکو سنگھ، رمندیپ سنگھ، مشیل اسٹارک، ہرشیت رانا، ورون چکرورتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK