Inquilab Logo

ممبئی انڈینس کو اپنی سرزمین پر راجستھان رائلز کے خلاف واپسی کا یقین

Updated: April 01, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Mumbai

انڈین پریمیر لیگ میں ممبئی انڈینس کو سست شروعات کے لئے جانا جاتا ہے اور ہاردک پانڈیا کے کپتان بننے کے بعد بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

Mumbai Indians. Photo: INN
ممبئی انڈینس۔ تصویر : آئی این این

 ہاردک پانڈیا کی قیادت میں پہلے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنے والی ممبئی انڈینس (ایم آئی) پیر کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر فارم میں ھکیلنے والی راجستھان رائلز (آر آر) ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ ممبئی کی ٹیم کامیابی کے ساتھ لیگ میں واپسی کی کوشش کرے گی۔ ممبئی انڈینس پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی سست شروعات کیلئے جانا جاتا ہے اور ہاردک پانڈیا کے کپتان بننے کے بعد بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ٹیم پہلے دو میچ ہار چکی ہے۔ 
 ممبئی انڈینس کو ۵؍ ٹائٹل دلانے والے روہت شرما کی جگہ پانڈیا کو کپتان بنانے کا فیصلہ شائقین کو اچھا نہیں لگا اور آل راؤنڈر کو ابتدائی میچوں میں تماشائیوں کی طرف سے بوکھلاہٹ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ممبئی انڈینس کو سیزن کے پہلے میچ میں پانڈیا کی سابق ٹیم گجرات ٹائٹنس کے ہاتھوں ۶؍ رن سے شکست ہوئی تھی، جب کہ حیدرآباد میں ریکارڈ ہائی اسکور والے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد نے انہیں ۳۲؍ رن سے شکست دی تھی۔ 
 ان ۲؍ شکستوں کے بعد ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ۱۰؍ویں نمبر پر ہے۔ اگرچہ یہ آئی پی ایل کے۱۷؍ ویں سیزن کا ابتدائی مرحلہ ہے، لیکن ممبئی کی ٹیم ہارنے کا سلسلہ ختم کرنا چاہے گی اور اپنے نیٹ رن ریٹ (۰ء۹۲۵-) کو بھی بہتر کرنا چاہے گی۔ ممبئی کو اپنے تجربہ کار کھلاڑی سوریہ کمار یادو کی کمی محسوس ہو رہی ہے جو انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ۵؍ میچوں میں ممبئی کی ٹیم۴؍ جیت درج کرنے میں کامیاب رہی ہے لیکن سنجو سیمسن کی قیادت والی راجستھان رائلز نے اس سیزن میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم نے اپنے دونوں میچ جیتے ہیں اور اس دوران اس کے بیشتر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ 
 سابق کپتان روہت شرما بڑی اننگز کھیلنے کے لئے بے چین ہوں گے لیکن ممبئی کی ٹیم میدان میں پانڈیا سے بہتر فیصلوں کی امید رکھے گی۔ نئے کپتان ہاردک پانڈیا نے اب تک تیز گیند باز بمراہ کو اس سے بہتر طریقے سے استعمال نہیں کیا ہے۔ بمراہ اور پیوش چاؤلہ نے ممبئی انڈینس کے گیندبازی حملے میں تجربہ شامل کیا، جس کی وجہ سے مقامی کھلاڑی شمس ملانی میں بھی اعتماد اور حوصلہ دونوں بڑھا ہے۔ 
 ملانی آئی پی ایل میں نئے کھلاڑی ہیں لیکن انہیں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلنے کا بے پناہ تجربہ ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر کوینا مفاکا سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف بہت مہنگے ثابت ہوئے تھے، لیکن ۱۷؍ سالہ جنوبی افریقی بولر کے لئے اس سطح پر موقع ملنا بڑی بات ہے۔ 
 راجستھان رائلز نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیمسن آئی پی ایل کے ابتدائی دور میں زبردست فارم میں رہے ہیں۔ انتہائی باصلاحیت یشسوی جیسوال اس سیزن میں اپنا پہلا بڑا اسکور کرنے کیلئے بے تاب ہوں گے۔ جیسوال اپنے ہوم گراؤنڈ لوٹ رہے ہیں، جہاں انہوں نے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری میچ میں ۶۲؍ گیندوں پر۱۲۴؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی تھی۔ تاہم اس میچ میں ان کی ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 
 مڈل آرڈر میں ریان پراگ پر اعتماد دکھانا راجستھان کے لئے اچھا ثابت ہو رہا ہے۔ ممبئی کے لئے تلک ورما، ٹم ڈیوڈ اور نمن دھیر اپنی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنا چاہیں گے۔ راجستھان کا بیٹنگ آرڈر طویل ہے جس میں خطرناک جوس بٹلر ٹاپ پر ہیں اور وکٹ کیپر بلے باز دھرو جوریل آخری اوورس میں تیز رن بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ جہاں ناندرے برجر نے گیندبازی میں تجربہ کار ٹرینٹ بولٹ سے متاثر کیا ہے، ٹیم کے پاس اسپن بولنگ میں انتہائی تجربہ کار روی چندرن اشون اور یزویندر چہل کا آپشن ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK