Inquilab Logo

آج سے آئی پی ایل کا آغاز، پہلے مقابلے میں چنئی اور بنگلور آمنے سامنے

Updated: March 22, 2024, 9:40 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

رتوراج کی کپتانی میں سی ایس کے اپنی مہم کا آغاز کرےگی، ڈو پلیسس اور کوہلی بھی رائل چیلنجرز کو پہلا خطاب دلانے کی مہم شروع کریںگے۔

Virat Kohli and MS Dhoni. Photo: INN
وراٹ کوہلی اور ایم ایس دھونی۔ ۔ تصویر : آئی این این

وراٹ کوہلی کی ۱۶؍ سال سے ٹائٹل جیتنے کی ضد، مہندر سنگھ دھونی کپتانی چھوڑ کر کھلاڑی بن گئے، زندگی میں دوسرا موقع ملنے کے بعد میدان میں اترےرشبھ پنت اور روہت شرما کو کپتانی سے محرومی کا درد۔ یہ تمام کہانیاں جمعہ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل کے ۱۷؍ویں سیزن کو دلچسپ بنانے کے لئے کافی ہوں گی۔ ممبئی کو ۵؍ بار چمپئن بنانے والے روہت شرما بھی اس بار کپتانی کے بجائے ایک کھلاڑی کے طور پر ممبئی انڈینس کی نمائندگی کریں گے۔ ان تمام دلچسپیوں کے درمیان جمعہ سے آئی پی ا یل کے ۱۷؍ ویں سیزن کا آغاز چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے مقابلے کے ساتھ ہوگا۔ 
  `ایک جانب جہاں کنگ کوہلی کی نظریں اس ٹرافی پر ہوں گی جس کا وہ ۱۶؍ سال سے انتظار کر رہے ہیں وہیں چنئی سپر کنگز رتو راج گایکواڑ کی کپتانی میں ایک نیا باب لکھنا شروع کرے گی۔ جب چنئی سپر کنگز جمعہ کو آر سی بی کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی تو یہ اس کیلئے ایک نیا مرحلہ شروع ہوگا کیونکہ ٹیم کی کمان مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھ میں نہیں بلکہ رتوراج گائیکواڑ کے ہاتھوں میں ہوگی۔ ۵؍ بار کی چمپئن چنئی کی نظریں ریکارڈ چھٹے خطاب پر ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی ڈبلیو پی ایل میں ٹائٹل جیتنے والی آر سی بی کی مردوں کی ٹیم بھی اپنے خطاب کی خشکی کو ختم کرنا چاہے گی۔ نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا نے ڈیون کونوے کی جگہ لی ہے جو انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔ ان کے ہم وطن ڈیرل مچل مڈل آرڈر میں ہوں گے۔ تجربہ کار اجنکیا رہانے اور گائیکواڑ پر مڈل آرڈر میں رن بنانے کی ذمہ داری ہوگی۔ چنئی کی طاقت اس کے آل راؤنڈر اور اسپنرز ہیں جو چدمبرم اسٹیڈیم کی پچ پر تباہی مچا سکتے ہیں۔ 
  رائل چیلنجرز بنگلورنے ۲۰۰۸ءسے اس گراؤنڈ پر چنئی کو نہیں ہرایا ہے۔ بنگلور کیلئےرن بنانے کی ذمہ داری وراٹ کوہلی اور کپتان فاف ڈو پلیسس پر ہوگی جو ۲؍ ماہ کے وقفے کے بعد میدان میں واپس آرہے ہیں۔ کیمرون گرین اور گلین میکسویل بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ اعداد و شمار کی بات کریں تو آئی پی ایل کی تاریخ میں چنئی اور بنگلور کے درمیان اب تک ۳۱؍میچ کھیلے گئے ہیں، جن میں دفاعی چمپئن سی ایس کے نے ۲۰؍میچ جیتے ہیں جبکہ آر سی بی کی ٹیم صرف ۱۰؍میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے۔ اس طرح رتوراج کی ٹیم کا آر سی بی کے خلاف پلڑا بھاری لگ رہا ہے۔ تاہم ٹی۔ ۲۰؍ کرکٹ میں ایک گیند سے کھیل کا رخ بدل جاتا ہے اس لئے اس فارمیٹ میں یہ کہنا مشکل ہے کہ کون سی ٹیم میچ جیت سکتی ہے۔ 
 
دھونی کی جگہ رتوراج کائیکواڑ کپتان مقرر
چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۴ءکیلئے مہندر سنگھ دھونی کی جگہ رتوراج گائیکواڑ کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ آئی پی ایل کے کل ہونے والے افتتاحی میچ سے پہلے سی ایس کے نے رتوراج کو ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے رتوراج کی کپتانی میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ 
 یاد رہے کہ اس سے پہلے دھونی نے۲۰۲۲ءمیں بھی سی ایس کے کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور رویندر جڈیجہ کو کپتان بنایا گیا تھا۔ تاہم اس وقت ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی اور سیزن کے وسط میں دھونی کو ٹیم کا کپتان دوبارہ بنا دیا گیا تھا۔ دھونی کی کپتانی میں چنئی نے ۲۰۱۰، ۲۰۱۱، ۲۰۱۸، ۲۰۲۱ءاور ۲۰۲۳ء میں ۵؍ بار آئی پی ایل کا خطاب جیتا ہے۔ سی ایس کے دفاعی چمپئن ہے اور اس سیزن میں نئے کپتان کے طور پر رتوراج کے ساتھ ٹیم کا خطاب برقرار رکھنا چیلنج ہوگا۔ 
  مہندر سنگھ دھونی نے ایک بار پھر مداحوں کو اپنے انداز سے حیران کر دیا ہےجیسا کہ وہ پہلے بھی کئی بار کر چکے ہیں۔ ۲۰۱۴ءمیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد سے لے کر آج تک انہوں نے تمام فیصلے اسی انداز میں کئے ہیں۔ دھونی نے اسی انداز میں چنئی سپر کنگز کی کپتانی بھی چھوڑ دی ہے جس کی وجہ سے ان کے مداح حیران ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK