Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کا ٹرمپ کی ’پتھر کے زمانے‘ کی دھمکی پر دوٹوک جواب، امریکہ کو خبردار کیا

Updated: April 03, 2026, 3:13 PM IST | Washington

امریکہ اور ایران کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں ڈونالڈ ٹرمپ کی سخت دھمکیوں پر تہران نے بھرپور ردعمل دیا۔ ایرانی قیادت نے امریکی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی تاریخی اور عسکری طاقت کا حوالہ دیا اور واشنگٹن کو خبردار کیا۔

Donald Trump and Mojtaba Khamenei. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ اور مجتبیٰ خامنہ ای۔ تصویر: آئی این این

واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ایرانی حکام اور فوجی قیادت نے ڈونالڈ ٹرمپ کے بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے امریکی دعوؤں کو چیلنج کیا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان لفظی جنگ اس وقت شدت اختیار کر گئی جب ڈونالڈ ٹرمپ نے تہران کو’’پتھر کے زمانے میں واپس بھیجنے‘‘ کی دھمکی دی، جس پر ایرانی حکام اور فوجی شخصیات نے سخت جواب دیا۔ ان بیانات کے بعد ایران نے سرکاری اور عسکری ذرائع سے ردِعمل دیتے ہوئے واشنگٹن پر منافقت اور مظالم کا الزام لگایا اور کہا کہ امریکہ قدیم دور کی زبان استعمال کر رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران اسرائیل تنازع: مشرق وسطیٰ کا بلند ترین ’’بی ون‘‘ پل اسرائیلی حملے میں تباہ

ہندوستان میں ایرانی سفارتخانے کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی بمباری سے’’پتھر کے زمانے میں واپس نہیں دھکیلا جا سکتا۔ ‘‘بیان میں کہا گیا:’’ہم ۷؍ ہزار سالہ تہذیب رکھنے والی قوم ہیں۔ تاریخ ہمیں اچھی طرح جانتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تم ہی وہ لوگ ہو جو بچوں کے قتل اور انسانیت کے خلاف جرائم کو پتھر کے زمانے سے جدید دنیا تک لے آئے ہو۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مالدہ میں۷؍ عدالتی افسران یرغمال، سپریم کورٹ شدید برہم

ایران کا تاریخی حوالہ دے کر جواب
ایران کے فوجی حلقوں کی جانب سے بھی اس ردِعمل کو مزید تقویت ملی۔ اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے بھی سخت بیان جاری کرتے ہوئے امریکی قیادت اور اس کی فوجی حکمتِ عملی پر تنقید کی۔ انہوں نے ایکس پر امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے بیان کے جواب میں لکھا:’’یہ تم ہو جو اپنے فوجیوں کو قبروں میں بھیج رہے ہو، نہ کہ ایران، جسے تم پتھر کے زمانے میں دھکیلنا چاہتے ہو۔ ہالی ووڈ کے فریب نے تمہارے ذہنوں کو اس قدر مسموم کر دیا ہے کہ تم اپنی معمولی ۲۵۰؍ سالہ تاریخ کے ساتھ۶؍ہزار سال پرانی تہذیب کو دھمکاتے ہو۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ایران نے اسرائیلی امریکی حملوں کو ’’نسل کشی‘‘ قرار دیا

ٹرمپ کا سخت مؤقف برقرار
اپنے قوم سے خطاب میں ٹرمپ نے سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیاں منصوبے کے مطابق جاری ہیں اور آنے والے ہفتوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا:’’ہماری پیش رفت کی بدولت میں آج کہہ سکتا ہوں کہ ہم جلد ہی امریکہ کے تمام فوجی مقاصد حاصل کر لیں گے۔ بہت جلد۔ ہم اگلے دو سے تین ہفتوں میں ان پر بہت سخت حملے کریں گے۔ ہم انہیں وہاں واپس لے جائیں گے جہاں ان کا تعلق ہے پتھر کے زمانے میں۔ ‘‘تاہم، ایرانی فوجی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ واشنگٹن تہران کی صلاحیتوں کو کم سمجھ رہا ہے اور زمینی حقائق کو درست انداز میں نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا:’’ایسی سوچ صرف اس دلدل کو مزید گہرا کرے گی جس میں تم پہلے ہی پھنس چکے ہو۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK