Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئر لینڈ کی آل راؤنڈ کارکردگی،ونڈیز کو ۱۲۴؍رنوں سے ہرادیا

Updated: May 23, 2025, 12:39 PM IST | Agency | Dublin

بالبرنی کی سنچری کے بعد اسٹرلنگ اور ٹیکٹر کی ہاف سنچریاں، میک کارتھی اور جارج ڈوکریل کی شاندار گیندبازی، ۳۰۳؍رنوں کے جواب میں ویسٹ انڈیز۱۷۹؍رن ہی بنا سکی۔

Irish players celebrate after defeating West Indies. Photo: INN
آئرش کھلاڑی ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد خوشی مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اینڈی بالبرنی کی سنچری (۱۱۲)، کپتان پال اسٹرلنگ (۵۴) اور ہیری ٹییکٹر (۵۶) کی نصف سنچریوں کے بعد بیری میک کارتھی (۴؍ وکٹ) اور جارج ڈوکریل (۳؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ نےپہلےیک روزہ مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو ۳۴ء۱؍اوور میں ۱۷۹؍رن پر سمیٹ کر ۱۲۴؍ رنوں سے میچ جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف آئرلینڈ کی یہ جیت ایک بڑی حصولیابی ہے۔ ۳؍ میچوں کی یکروزہ سیریز میں میزبان ٹیم نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کسی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف آئر لینڈ کی یہ سب سے بڑی جیت ہے۔ 
 ۳۰۴؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے ۹ء۴؍ اوور میں ۳۱؍رن پر ۵؍ وکٹیں گنوا دیں۔ صورتحال یہ تھی کہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز آئرش بولنگ اٹیک کے سامنے نوسکھیے کی طرح ایک ایک کرکے پویلین لوٹتے رہے۔ ویسٹ انڈیز کا پہلا وکٹ ایون لوئس (۲) رن آؤٹ کی شکل میں گرا۔ اس کے بعد کیسی کارٹی (۶)، برینڈن کنگ (۱۹)، عامر جنگو (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ ان تینوں بلے بازوں کو بیری میکارتھی نے آؤٹ کیا۔ کپتان شائی ہوپ ۲؍ رن بناکر بولڈ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۱۵؍ویں اوور میں جوش لٹل نے جسٹن گریوز (۳۵) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو چھٹا جھٹکا دیا۔ جسٹن نے اپنی ۱۷؍ گیندوں کی اننگز کے دوران ۷؍چوکے مارے۔ روسٹن چیز (۵۵) اور میتھیو فورڈ (۳۸) کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح ۳۴ء۱؍اوور میں ۱۷۹؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ روسٹن چیز نے۷۶؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئےاپنی اننگز میں ۴؍چوکے اور ۲؍چھکے لگائے۔ میتھیو فورڈ نے ۴؍ چوکے اور ایک چھکا مارا۔ ا نہوں نے ۴۸؍ گیندوں کا سامنا کیا۔ 
 آئرلینڈ کی جانب سے بیری میکارتھی نے ۷ء۱؍ اوور میں ۳۲؍ رن دے کر۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ جارج ڈوکریل نے ۲؍ اوور میں ۲۱؍رن دے کر ۳؍ وکٹ جھٹکے۔ تھامس مے اور جوش لٹل نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ 
 اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آئرلینڈ کے لئے اینڈی بالبرنی اور کپتان پال سٹرلنگ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۹؍رن بنائے۔ روسٹن چیز نے ۲۳؍ویں اوور میں پال اسٹرلنگ کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اسٹرلنگ (۵۴) نے اپنی ۶۴؍ گیندوں کی اننگز کے دوران۲؍ چھکے اور۶؍ چوکے لگائے۔ دوسرے وکٹ کی شکل میں کیڈ کارمائیکل ۱۶؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے ۴۴؍ویں اوور میں اینڈی بالبرنی کو جوزف نے آؤٹ کیا۔ اینڈی بالبرنی نے ۹؍ چوکے اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۱۳۸؍گیندوں پر ۱۱۲؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ہیری ٹییکٹر ۵۶؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ۵۱؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۶؍چوکے مارے۔ آئرلینڈ کا پانچواں وکٹ لورکن ٹکر (۳۰) کی صورت میں گرا۔ اس کے بعد جارج ڈوکریل ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئر لینڈ نے ۵۰؍اوورمیں ۶؍ وکٹوں پر ۳۰۳؍ رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے میتھیو فورڈ نے ۳؍ اور الزاری جوزف نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ روسٹن چیز نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
آئر لینڈنے تاریخ رقم کردی
آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ۱۲۴؍رنوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ آئر لینڈ کے ۳۰۳؍رنوں کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۱۷۹؍رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یکروزہ میچوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب آئرلینڈ نے کسی مکمل رکن ملک کے خلاف میچ ۱۰۰؍ یا اس سے زیادہ رن کے مارجن سے جیتا ہو۔ یہ آئرلینڈ کی چوتھی سب سے بڑی جیت ہے۔ رنوں کے لحاظ سے آئرلینڈ کو سب سے بڑی ون ڈے جیت یو اے ای کے خلاف ملی تھی جب اس نے ۲۰۱۸ءمیں ۲۲۶؍رنوں کے بڑے مارجن سے میچ جیتا تھا۔ وہیں دوسری سب سے بڑی فتح بھی یو اے ای کے خلاف ملی تھی۔ ۲۰۲۳ءمیں آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو ۱۳۸؍رنوں سے شکست دی تھی۔ جبکہ ۲۰۱۱ء میں آئرش ٹیم نے کینیڈا کی ٹیم کو ۱۳۳؍ رنوں سے شکست دی تھی۔ یہ آئرلینڈ کی تیسری سب سے بڑی جیت ہے۔ فل ممبر ملک کے خلاف آئرلینڈ کو پچھلی سب سے بڑی جیت بنگلہ دیش کے خلاف ملی تھی جب اس نے ۲۰۰۷ء میں ۷۴؍ رنوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK