• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئرلینڈ کے فٹبال کھلاڑی غزہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سیاہ پٹیاں باندھیں گے

Updated: September 27, 2026, 5:03 PM IST | Dublin

آئرلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی اسرائیل کے خلاف آئندہ یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ (ایف اے آئی ) کے مطابق یہ میچ اتوار کو ہنگری کے شہر ڈیبریسن میں کھیلا جائے گا۔

Irish Players.Photo:X
آئرش کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

ایف اے آئی  کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ کوریل  نے تصدیق کی کہ کھلاڑی غزہ کے تنازع میں جان سے جانے والے تمام افراد کی یاد میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں پہننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم کے اندر اس میچ میں شرکت کے معاملے پر ووٹنگ بھی ہوئی، جس میں  واضح اکثریت  نے میچ کھیلنے کے حق میں رائے دی۔آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان نیشنز لیگ کے میچ کو پہلے ہی تنازع کا سامنا رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کو یوئیفا نیشنز لیگ کے گروپ  بی تھری میں ایک ساتھ رکھا گیا ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ’ ’اسٹاپ دی گیم‘‘ مہم کے ذریعے کھلاڑیوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ان مقابلوں سے دستبردار ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھئے:عالمی یومِ سیاحت: سفر ایک ایسا استاد ہے جو کلاس روم سے باہر نکل کر سبق دیتا ہے

ایف اے آئی نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہا کہ ۲۷۔۲۰۲۶ءیوئیفا نیشنز لیگ میں اسرائیل کے خلاف مقررہ میچز کھیلے جائیں گے ۔ ایسوسی ایشن کے مطابق کھلاڑیوں سے مشاورت کی گئی، ان کی آرا مختلف تھیں، تاہم اکثریت نے میچ کھیلنے کی حمایت کی۔ایف اے آئی  نے کہا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کے خیالات کا احترام کرتی ہے اور ان مقابلوں کی حساس نوعیت کو سمجھتی ہے۔ ایف اے آئی چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ کوریل نے یہ بھی بتایا کہ ایک کھلاڑی نے میچ سے قبل اسکواڈ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ آئرش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کئی کھلاڑیوں نے اسرائیل کے خلاف میچ سے دستبرداری کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ان رپورٹس میں گول کیپر  گیون بازونو کا نام بھی شامل ہے۔
اس معاملے کے باعث آئرش ٹیم کی پری میچ پریس کانفرنس بھی مقررہ وقت سے تقریباً ۱۵؍ منٹ پہلے مؤخر کر دی گئی۔ اس وقت قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ آیا اتوار کا میچ مقررہ پروگرام کے مطابق کھیلا جائے گا یا نہیں۔ آئرلینڈ کے مڈفیلڈر  جیسن نائٹ  قومی ٹیم کے پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے عوامی طور پر کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیل کے خلاف نیشنز لیگ کا میچ نہیں کھیلا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھئے:’’مسلسل سیکھتے ہوئے اداکاری کو بہتر بنانا ہی میرا ہدف ہے‘‘

برسٹل سٹی سے وابستہ ۲۵؍سالہ کھلاڑی نے کہا کہ ان کے خیال میں میچ نہیں ہونا چاہیے، تاہم چونکہ مقابلہ مقرر ہے، اس لیے وہ کھیلا جائے گا۔ نائٹ نے یہ بھی بتایا کہ ٹیم کے کھلاڑی اتوار کے میچ سے قبل اس معاملے پر مزید تفصیلی گفتگو کریں گے اور میچ کے حوالے سے اپنے موقف پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس معاملے نے آئرلینڈ میں کھیلوں کے حلقوں میں بھی بحث کو جنم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۱۶۰؍ سے زیادہ آئرش ایتھلیٹس  ایک کھلے خط پر دستخط کر چکے ہیں، جس میں قومی فٹبال ٹیم سے اسرائیل کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی اپیل کی گئی ہے۔’آئرش اسپورٹ فار فلسطین‘ نامی گروپ کی جانب سے چلائی جانے والی اسٹاپ دی گیم مہم نے بھی مظاہروں کا اہتمام کیا ہے۔ مہم کے شرکا اسرائیل کو بین الاقوامی فٹبال سے معطل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ  ہیمیر ہالگریمسن  اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ٹیم کے کچھ کھلاڑی ان میچز کے حوالے سے ’’بہت بے آرام‘‘ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کی موجودہ صورتِ حال کو بھی انتہائی حساس قرار دیا تھا۔   اسرائیل کے خلاف آئرلینڈ کا نیشنز لیگ میچ صرف ایک کھیل تک محدود نہیں رہا بلکہ غزہ کی صورتِ حال، کھلاڑیوں کے ذاتی موقف، کھیل اور سیاسی تنازعات کے باہمی تعلق کے حوالے سے بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔  ایف اے آئی کے مطابق، مختلف آرا کے باوجود میچ مقررہ پروگرام کے تحت اتوار کو ہنگری میں کھیلا جائے گا، جبکہ آئرش کھلاڑی غزہ کے تنازع میں جان سے جانے والے افراد کی یاد میں سیاہ پٹیاں پہننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK