Updated: April 15, 2026, 8:04 PM IST
| Kolkata
پانچ میچ، ایک بھی جیت نہیں، اور بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے میچ سے حاصل ہونے والا محض ایک پوائنٹ۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف آخری گیند تک جانے والے مقابلے کو چھوڑ کر، کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں اب تک کسی بھی میچ میں جیت کی دعویدار نظر نہیں آئی ہے۔
ایرون فنچ۔ تصویر:آئی این این
پانچ میچ، ایک بھی جیت نہیں، اور بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے میچ سے حاصل ہونے والا محض ایک پوائنٹ۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف آخری گیند تک جانے والے مقابلے کو چھوڑ کر، کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں اب تک کسی بھی میچ میں جیت کی دعویدار نظر نہیں آئی ہے۔
ٹیم کا فاسٹ گیند بازی اٹیک کمزور پڑ چکا ہے، دو اہم اسپنرز میں سے ایک فارم میں نہیں ہے، اور بلے بازی میں وہ جارحانہ انداز کا فقدان ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے چنئی سپر کنگز کے خلاف منگل کی رات شکست کے بعد ٹیم کی حکمتِ عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے’مشکوک‘قرار دیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے ٹائم آؤٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فنچ نے کہاکہ ’’کے کے آر کی کارکردگی قطعی طور پر اچھی نہیں تھی۔ خاص طور پر رنز کے تعاقب کے دوران ان کے فیصلے بہت عجیب تھے۔ ہم نے سنیل نارائن کو ٹاپ آرڈر میں بھیجنے کی تعریف کی، حالانکہ وہ ناکام رہے (۱۷؍ گیندوں پر ۲۴؍ رنز)، لیکن کم از کم انہوں نے کچھ الگ کرنے کی کوشش تو کی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’راجا شیواجی‘‘ سے رتیش دیشمکھ کا بڑا قدم، یہ فلم مراٹھی سنیما کا مستقبل بدل سکتی ہے
فنچ نے اجنکیا رہانے اور انگکرش رگھونشی کی شراکت داری (۳۱؍ گیندوں پر ۵۰؍ رنز) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی اثر انگیزی نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ ’’وہ مخالف ٹیم کے کپتان پر دباؤ نہیں ڈالتے اور نہ ہی گیند بازوں کے خلاف کوئی خطرہ مول لیتے ہیں، جس کی وجہ سے مخالف کپتان کو کسی سنجیدہ تبدیلی کے بارے میں سوچنا ہی نہیں پڑتا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:روہت نیٹس میں نہیں گئے، لیکن ہیمسٹرنگ میں کھنچاؤ کی کوئی تصدیق نہیں
کے کے آر کے گیند بازی کوچ ٹم ساؤدی نے پریس کانفرنس میں ان فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ’’جب آپ مسلسل ہار رہے ہوں تو آپ مختلف آپشنز آزماتے ہیں۔ آئی پی ایل کی خوبصورتی یہی ہے کہ آپ اپنی ٹیم کی گہرائی کو پرکھ سکتے ہیں۔‘‘ کے کے آر کے لیے سب سے بڑا مسئلہ کیمرون گرین کی فارم بن چکا ہے، جنہیں نیلامی میں۲۰ء۲۵؍ کروڑ روپے کی خطیر رقم دے کر خریدا گیا تھا۔ گرین نے اس سیزن میں اب تک ۱۸، ۲، ۴، ناٹ آؤٹ ۳۲؍ اور صفر کا اسکور کیا ہے۔ چنئی کے خلاف انہیں چھٹے نمبر پر بھیجا گیا، جس پر فنچ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’نمبر۶؍ گرین کے لیے بالکل نئی پوزیشن ہے۔ انہوں نے اپنے پورے ٹی ۲۰؍ کیریئر میں صرف۹؍ بار اس نمبر پر بلے بازی کی ہے۔‘‘اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ کیا کے کے آر اتنے مہنگے کھلاڑی کو ڈراپ کر کے بینچ پر بیٹھے ٹم سیفرٹ یا راچن رویندرکو موقع دے گی؟ کے کے آر کے پاس اس وارتا پر غور کرنے کے لیے صرف ۴۸؍ گھنٹے ہیں، کیونکہ ان کا اگلا مقابلہ جمعہ کو احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف ہے۔