Updated: January 22, 2026, 10:10 PM IST
| Gaza
اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ شہر میں پانی کی صفائی اور اسے قابل استعمال بنانے کی سہولیات کا تقریباً ۷۰؍ فیصد حصہ متاثر ہو چکا ہے۔ پانی سپلائی کی اہم لائن کی مرمت کے لیے درکار سامان کی عدم اجازت کو بحران کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کے نتیجے میں غزہ شہر میں پانی کو قابل استعمال بنانے والی سہولیات کا تقریباً ۷۰؍ فیصد حصہ متاثر ہے جس سے لاکھوں شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ یہ انتباہ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور (OCHA) کی جانب سے جاری بیان میں دیا گیا۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق مسئلہ غزہ کو اسرائیل سے پانی فراہم کرنے والی مرکزی میکوروت واٹر لائن کی مرمت میں درپیش رکاوٹوں سے جڑا ہے۔ مرمت کے لیے درکار اسٹیل پائپ اور دیگر سامان کو اسرائیل کی جانب سے ’’دوہری استعمال‘‘ کی اشیاء قرار دے کر غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث لائن مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے۔ او سی ایچ اے کے ترجمان فرحان حق نے کہا کہ پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے شعبے سے وابستہ امدادی ادارے متبادل انتظامات پر کام کر رہے ہیں، جن میں پانی کے ٹینکروں کے ذریعے فراہمی بھی شامل ہے، تاہم یہ اقدامات عارضی ہیں اور مستقل حل کا متبادل نہیں بن سکتے۔ ان کے مطابق بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ضروری اشیاء تک رسائی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دنیا اب طاقتور ممالک کے درمیان مقابلے کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے‘‘
واضح رہے کہ پانی کی قلت ایسے وقت میں سنگین شکل اختیار کر رہی ہے جب غزہ پہلے ہی شدید انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔ سرد موسم کے باعث صحت کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ ہفتوں میں سردی سے بچوں کی اموات کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ صاف پانی کی کمی سے وبائی امراض اور صحت عامہ کے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد سے غزہ میں شہری انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جس میں پانی اور نکاسی آب کے نظام بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے اشیائے ضروریہ، ایندھن اور تعمیراتی سامان کی آمد پر پابندیوں نے بحالی کے کام کو شدید متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:جموں کشمیر: ویشنو دیوی کالج طلبہ کی نئی کاؤنسلنگ نہیں کرسکتا: داخلہ امتحان بورڈ
انسانی حقوق اور امدادی اداروں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی، صحت اور صفائی جیسی بنیادی خدمات بحال ہو سکیں۔ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پانی کا بحران ایک بڑے صحت عامہ کے المیے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔