Inquilab Logo Happiest Places to Work

جڈیجا اور سندر سیکڑہ مکمل کرنے کے حقدارتھے: گل

Updated: July 29, 2025, 1:13 PM IST | Agency | Manchester

ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے کہا ’’انگلینڈ کے خلاف پہلے ۲؍ وکٹ گنوانے کے بعد ایسی کارکردگی ناقابل یقین ہے۔‘‘

All-rounder Ravindra Jadeja and Washington Sundar. Photo: PTI
آل راؤنڈر رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے کہا کہ رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریاں مکمل کرنے کے حقدار تھے۔ چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے گل نے کہا کہ اتوار کو پانچویں دن ہندوستان کی اننگز کے۱۳۸؍ اوورس کے بعد جب رویندر جڈیجا (۸۹؍رن) اور واشنگٹن سندر  (۸۰؍رن) سنچریوں کے قریب تھے تو انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ہندوستان سے ڈرا کے بارے میں پوچھا  تب دونوں بلے بازوں کو  ڈریسنگ روم سے  یہ پیغام بھیجا گیا کہ وہ کھیل جاری رکھیں۔
 گل نے کہا ’’پہلے ۲؍ وکٹ گنوانے کے بعد اس طرح کی کارکردگی ناقابل یقین ہے۔ جڈیجا اور واشنگٹن دونوں سنچری کے قریب تھے، اس لیے ہم نے سوچا کہ یہ دونوں سنچری کے مستحق ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیسٹ میچ آپ کو کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے، بطور ٹیم اس سیریز نے ہمیں بہت کچھ سکھایا ہے، امید ہے کہ ہم اگلا میچ جیت کر سیریز ڈرا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
 ہندوستانی ٹیم کے کپتان گل نے کہا کہ’’ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نے ماضی میں کتنے رن بنائے، میں صرف اپنے بہترین کرکٹ کھیلنے پر توجہ دیتا ہوں اور اپنی بلے بازی  سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرتا ہوں، ہم نے پہلی اننگز میں اچھا اسکور کیا لیکن ایسی پچ پر یہ ضروری ہے کہ جب بلے باز سیٹ ہوں تو ایک یا دو بڑی اننگز آئیں تاکہ میچ کو حریف  ٹیم کے ہاتھوں سے نکالا جاسکے۔ ہم دوسری اننگز میں یہ کرنے میں کامیاب رہے۔‘‘

کپتان گل ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب 
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے نوجوان اور ہونہار کپتان شبھمن گل دورۂ انگلینڈ پر مضبوط فارم میں ہیں۔ وہ نہ صرف سنچری کے بعد سنچریاں بنا رہے ہیں بلکہ اب ایک ایسے ریکارڈ کی طرف بڑھ رہے ہیں جو ۸۸؍ سال قبل کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے باز ڈان بریڈمین نے بنایا تھا۔ گل کے پاس ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کپتانوں کی فہرست میں نمبر ون بننے کا موقع ہے۔ گل بریڈمین سے صرف۸۹؍ رن کی دوری پر ہیں۔ مانچسٹر ٹیسٹ میں۱۰۳؍ رن کی شاندار اننگز کے بعد کپتان گل اس ٹیسٹ سیریز میں اب تک۷۲۲؍ رن بنا چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار انہیں مایہ ناز ویسٹ انڈیز کے سر گیری سوبرس کے ساتھ بالادستی کی پوزیشن پر لے آئے ہیں۔ اب گل کے سامنے صرف ایک ہی چیلنج ہے، ڈان بریڈمین کا تاریخی ریکارڈ۔ بریڈمین نے ۳۷۔۱۹۳۶ءکی ایشیز سیریز میں۸۱۰؍ رن بنائے تھے۔ گل کو یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے۸۹؍ رن  درکار ہیں۔ ہندوستان  اور انگلینڈ کے درمیان آخری اور  اہم ٹیسٹ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۵ءسے کیننگٹن اوول میں کھیلا جائے گا۔ جب گل  اپنی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف  میدان پر اتریں گے تو ان کی نظریں صرف ایک ہدف پر ہوں گی  جو ڈان بریڈمین سے آگےجانا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK