انگلینڈ نے لارڈس ٹیسٹ ۲۲؍رن سے جیت لیا۔ رویندرجڈیجا نے آخری وقت تک ٹیم انڈیا کو فاتح بنانے کی ذمہ داری نبھائی۔
EPAPER
Updated: July 15, 2025, 12:01 PM IST | Agency | Lord
انگلینڈ نے لارڈس ٹیسٹ ۲۲؍رن سے جیت لیا۔ رویندرجڈیجا نے آخری وقت تک ٹیم انڈیا کو فاتح بنانے کی ذمہ داری نبھائی۔
ٹیم انڈیا کے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجا نے پیر کو لارڈس ٹیسٹ کے ۵؍ویں اور آخری دن محتاط بلے بازی کرتے ہوئے اسے سنسنی خیز بنا دیا تھا۔ اگر سامنے والے کنارے سے دیگر کھلاڑی ان کی مدد کرتے تو ہندوستانی ٹیم ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ۱۔۲؍ سے آگے ہوجاتی لیکن انگلینڈ نے لارڈس ٹیسٹ جیت کر سیریز میں ۱۔۲؍ کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ پیر کو میچ کے ۵؍ویں روز انگلینڈ نے ہندوستان کو دوسری اننگز میں ۱۷۰؍ رن آل آؤٹ کرکے میچ ۲۲؍رن سے جیت لیا۔ انگلینڈ نے ہندوستان کو ۱۹۳؍رن کا ہدف دیا تھا اور ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے آخر تک اس ہدف کو حاصل کرنے کی پوری کوشش کی۔ خصوصی طورپر رویندر جڈیجا نے پوری محنت کی۔
ہندوستان کا ۸؍واں وکٹ ۱۱۲؍رن پر نتیش کمار ریڈی کی شکل میں گرا تھا۔ اس کے بعد رویندر جڈیجا نے جسپریت بمراہ کے ساتھ محتاط انداز میں بلے بازی کی اور اسکور کو آگے بڑھا یا۔ ۱۴۷؍رن کے اسکور جسپریت بمراہ ۵؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد سراج کریز پر آئے اور انہوں نے رویندر جڈیجا کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے جڈیجا کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے دفاعی کھیل کا انداز اختیار کیا اور گیندوں کو ضائع کرتے رہے۔ لیکن چائے کے وقفے کے بعد محمد سراج بھی شعیب بشیر کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور ۴؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ رویندر جڈیجا نان اسٹرائیکر اینڈ پر ۶۱؍رن بناکر ناٹ آؤٹ کھڑے رہے۔
اس سے قبل جوفرا آرچر ، برائیڈن کارس اور بین اسٹوکس جبکہ لنچ سے قبل کرس ووکس نے نتیش کمار ریڈی (۱۳؍رن) کا وکٹ لے کر ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی تھی۔
ہندوستان نے پیر لارڈس میں۵۸؍ رن پر ۴؍ وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ پیر کی صبح جوفرا آرچر نے رشبھ پنت (۹؍رن) کو بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بین اسٹوکس نے کے ایل راہل(۳۹؍رن) کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو زبردست دھچکادیا تھا۔ ساتواں وکٹ واشنگٹن سندر (صفر) کا تھا جنہیں آرچر نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کروا کر پویلین واپس بھیجا۔ ہندوستان نے لنچ کے وقت تک ۸؍ وکٹ پر۱۱۲؍رن بنا لئے تھے۔
ایک وقت کے ایل راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد رویندر جڈیجا اور نتیش کمار ریڈی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کی امید کو زندہ رکھا تھا، لیکن لنچ سے ٹھیک پہلے کرس ووکس نے نتیش کمار(۱۳؍ رن) کو وکٹ کیپر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ انگلینڈ کے لیے اس وقت جوفرا آرچر نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ برائیڈن کارس اور بین اسٹوکس نے بھی خطرناک گیند بازی کی تھی۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں جو روٹ (۱۰۴؍رن) کی سنچری، جیمی اسمتھ (۵۱؍رن) اور برائیڈن کارس (۵۶؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت۳۸۷؍رن کا اسکور بنایا تھا۔ جواب میں ہندوستان نے کے ایل راہل (۱۰۰) کی سنچری، رشبھ پنت(۷۴) اور رویندر جڈیجا (۷۲) کی نصف سنچریوں کی مدد سے۳۸۷؍ رن بنائے تھے۔اس کے بعد انگلینڈ کی دوسری اننگز کو واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے۱۹۲؍ رن پر ہی ڈھیر کر دیا تھا۔