جیسوال نے ۵۸؍رن کا تعاون کیا۔ ہندوستان کی اننگز لڑکھڑا گئی تھی لیکن سائی اور پنت نے اچھی ساجھیداری کی۔
EPAPER
Updated: July 24, 2025, 12:10 PM IST | Agency | Manchester
جیسوال نے ۵۸؍رن کا تعاون کیا۔ ہندوستان کی اننگز لڑکھڑا گئی تھی لیکن سائی اور پنت نے اچھی ساجھیداری کی۔
یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کی اچھی شروعات کے باوجود ہندوستانی اننگز بدھ سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے دوران لڑکھڑا گئی تھی لیکن سائی سدرشن اور رشبھ پنت نے اننگز سنبھالی اور اچھی ساجھیداری کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک ہندوستانی ٹیم نے ۶۴؍ویں اوور میں ۳؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۹۷؍رن بنالئے تھے۔ اس وقت کریز پر سائی سدرشن ۴۴؍رن اور رشبھ پنت ناٹ آؤٹ ۲۶؍ رن بناکر کھیل رہے تھے۔
اس سے قبل یشسوی جیسوال(۵۸؍ رن ) اور کے ایل راہل (۴۶؍رن ) کی صبر آزما بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بدھ کو چائے کے وقت تک ۳؍ وکٹ کے نقصان پر۱۴۹؍ رن بنا لیے تھے۔
دوسرے سیشن میں انگلینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ہندوستان کے ۳؍ وکٹ حاصل کئے اور ہندوستانی ٹیم نے اسکور بورڈ میں مزید۷۱؍ رن جوڑے۔ ہندوستان نے راہل، جیسوال اور کپتان شبھمن گل کے وکٹ گنوا دیئے تھے۔ اب آخری سیشن میں سائی سدرشن اور رشبھ پنت پر بڑی ذمہ داری تھی۔
بدھ کو ٹیسٹ کے پہلے دن لنچ کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے اسکور میں ابھی۱۶؍ رن کا ہی اضافہ کیا تھا کہ کرس ووکس نے نصف سنچری کی جانب بڑھ رہے کے ایل راہل کو جیک کراؤلی کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ کے ایل راہل نے۹۸؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے۴۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب لیام ڈاسن نے جیسوال کا وکٹ حاصل کیا۔ جیسوال نے۱۰۷؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۸؍ رن بنائے۔
انگلینڈ کو تیسری کامیابی کپتان بین اسٹوکس سے ملی جنہوں نے ہندوستانی کپتان شبھمن گل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔گل کو گُڈ لینتھ گیند کو چھوڑنے کی کوشش میں گیند پیڈ پر لگی تھی اور ٹی وی امپائر نے دیکھا کہ گیند مڈل اسٹمپ سے ٹکرا گئی ہوگی اور گل کو واپس پویلین جانا پڑے گا۔ اسٹوکس نے انگلینڈ کو بڑی کامیابی دلائی۔ گل نے۲۳؍ گیندوں پر۱۲؍ رن پر چوکا لگایا۔ چائے کے وقت سائی سدرشن اور رشبھ پنت بلے بازی کررہے تھے۔
کے ایل راہل نے انگلینڈ میں ۱۰۰۰؍ ٹیسٹ رن مکمل کئے
کے ایل راہل نے انگلینڈ میں۱۰۰۰؍ ٹیسٹ رن مکمل کر لیے۔ وہ سچن تینڈولکر، راہل دراوڑ ، سنیل گاوسکر اور وراٹ کوہلی جیسے لیجنڈس کے بعد ایسا کرنے والے پانچویں ہندوستانی بن گئے ہیں۔اس فہرست میں سچن تینڈولکر ۱۵۷۵؍ رن کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد دراوڑ (۱۳۷۶)، گاوسکر (۱۱۵۲) اوروراٹ کوہلی (۱۰۹۶) ہیں۔ اب راہل اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں اور اپنے کریئر میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ میں۱۲؍ ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے ۴؍ سنچریاں اور۲؍ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انگلینڈ میں ان کا بہترین اسکور۱۴۹؍ رن ہے۔ یہ سیریز۱۔۲؍ سے انگلینڈ کے حق میں ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کو چوتھا میچ جیتنا ہوگا۔ ہندوستان نے مانچسٹر میں چوتھے ٹیسٹ کی پراعتماد شروعات کی ہے، جہاں دونوں اوپنرس نے اننگز کے ابتدائی مراحل میں اچھے کنٹرول مظاہرہ کیا تھا۔