ومبلڈن گرینڈ سلیم کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں سنر نے الکاراز کو ۴؍سیٹوں میں مات دی اور اپنے کریئر کا پہلاومبلڈن خطاب جیتا۔
EPAPER
Updated: July 15, 2025, 12:05 PM IST | Agency | London
ومبلڈن گرینڈ سلیم کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں سنر نے الکاراز کو ۴؍سیٹوں میں مات دی اور اپنے کریئر کا پہلاومبلڈن خطاب جیتا۔
اطالوی ٹینس اسٹار یانک سنر نے اتوار کی رات تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز کو ایک سنسنی خیز فائنل میں۶۔۴، ۴۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍ کے اسکور سے شکست دے کر۲۰۲۵ء ومبلڈن چمپئن شپ میں گراس کورٹ پر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔
سنر نے پُرسکون اور حکمتِ عملی پر مبنی کھیل کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے الکاراز کو شکست دی، جو فائنل میں ۲۴؍ میچوں کی ناقابلِ شکست اور۲۰۲۲ء سے ومبلڈن میں۰۔۱۸؍ کے بے داغ ریکارڈ کے ساتھ آئے تھے۔ تاہم سینٹر کورٹ پر ہسپانوی کھلاڑی کی یہ شاندار فتوحات کا سلسلہ اختتام کو پہنچا اور سنر نے اطالوی ٹینس میں ایک نیا سنگِ میل قائم کیا۔
الکاراز نے پہلا سیٹ۴۔۶؍ سے جیتا، جس میں انہوں نے بھرپور کورٹ کوریج اور جارحانہ کھیل کا امتزاج دکھایا اور وہ اپنے غلبے کو برقرار رکھنے کے لیے پُرامید نظر آ رہے تھے لیکن سنر نے پُراعتماد انداز میں واپسی کی اور دوسرا سیٹ۴۔۶؍ سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سرو مضبوطی سے برقرار رکھی، یہاں تک کہ سنر نے ۴۔۵؍ پر بریک حاصل کر کے سیٹ اور اس کے ساتھ میچ کا مکمل رُخ اپنی جانب موڑ لیا۔ آخری سیٹ میں الکاراز نے ابتدائی دباؤ ڈالا، لیکن سنر کی حکمتِ عملی لاجواب تھی۔ چوتھے سیٹ میں ایک اہم بریک نے اطالوی کھلاڑی کو۱۔۲؍ کی برتری دی، جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور آخر میں سخت مزاحمت کے باوجود اپنے دوسرے چمپئن شپ پوائنٹ پر میچ جیت لیا۔یہ کامیابی سنر کے کریئر کا پہلا بڑا ٹائٹل ہے اور ان کے ابھرتے ہوئے سفر میں ایک سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔ وہ ومبلڈن جیتنے والے پہلے اطالوی مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔یانک سنر نے میچ کے بعد کہاکہ فائنل میں الکاراز کے سامنے کھیلنا مشکل تھا ۔ وہ دفاعی چمپئن تھے انہوں نے بہت قوت کے ساتھ فائنل میں آغاز کیا تھا۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد میں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل سیٹ جیت کر خطاب جیتا۔