Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ گیندبازی پر توجہ مرکوز کرنےکیلئے کپتانی سے انکار کردیا تھا‘‘

Updated: June 18, 2025, 11:47 AM IST | Agency | Leeds

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے کہا کہ انہوں نے بورڈ کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ گیندباز کی حیثیت سے ٹیم میں رہیں گے اور ورک لوڈ پر بھی توجہ دینا چاہتے ہیں۔

Team India fast bowler Jasprit Bumrah will play 3 Test matches against England. Photo: INN
ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ انگلینڈ کیخلاف ۳؍ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ تصویر: آئی این این

ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آئی پی ایل کے دوران ہی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے انکار کر دیا تھا۔ یہ فیصلہ ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ کا حصہ تھا اور انہوں نے بی سی سی آئی کو اپنی بولنگ کے فرائض پر توجہ دینے کیلئے روہت شرما کے ریٹائرمنٹ سے پہلے ہی بتا دیا تھا۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر دنیش کارتھک کے ساتھ بات چیت کے دوران بمراہ نے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کے بارے میں کہا کہ ’’اس میں کوئی حیرت انگیز کہانی نہیں ہے، نہ کوئی تنازع ہے اور نہ ہی یہ کوئی ایسا بیان ہے جس سے سرخیاں بنیں کہ مجھے کپتانی سے ہٹایاگیا۔ ‘‘ بمراہ نے کہا کہ روہت اور وراٹ کے ریٹائرمنٹ سے پہلے ہی انہوں نے بی سی سی آئی سے اپنے ورک لوڈ کے بارے میں بات کر لی تھی۔ 
 جسپریت بمراہ نے گزشتہ سال اپنی کمر کی انجری کا ذکر کرتے ہوئےیہ بھی کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر سے بھی بات کی۔ ڈاکٹر نے بھی ورک لوڈ کے بارے میں سمجھداری سے سوچنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ انہیں تھوڑا سمجھداری سے کام لینا ہوگا۔ پھر انہوں نے بی سی سی آئی کو فون کیا اور کہا کہ’’میں کپتانی کے کردار میں نہیں رہنا چاہتا کیونکہ میں ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں تمام میچوں میں نہیں کھیل پاؤں گا۔ ‘‘بمراہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ ٹیم میں کپتانی کے بجائے ایک کھلاڑی کے طور پر رہ کر بہت کچھ کر سکیں۔ جسپریت بمراہ نے تسلیم کیا کہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنا بڑا اعزاز ہے، لیکن انہیں کپتانی سے زیادہ کھیل سے پیار ہے۔ 
انگلینڈ میں ۳؍ ٹیسٹ کھیلنے کا منصوبہ
 انگلینڈ میں ۲۰؍جون سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بمراہ کم از کم ۳؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جس میں ہیڈنگلی میں پہلا ٹیسٹ بھی شامل ہے۔ بمراہ نے کہا کہ ’’ابھی تعداد طے نہیں ہوئی ہے۔ میں پہلے ٹیسٹ میں یقینی طور پر رہوں گا۔ اس کے بعد صورتحال اور ورک لوڈ کا جائزہ لیں گے، لیکن ابھی ۳؍ ٹیسٹ کھیلنے کی بات کہہ سکتا ہوں۔ ‘‘ واضح رہے کہ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم کے چیف کوچ گوتم گمبھیر بھی کہہ چکے ہیں کہ بمراہ آنے والے ہفتوں میں ۳؍ ٹیسٹ کھیل سکتے ہیں۔ 

فاتح ٹیم کے کپتان کو پٹودی میڈل دیا جائےگا
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۲۰؍جون سے شروع ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے فاتح کپتان کو پٹودی میڈل سے نوازا جائے گا، جس سے ان دونوں ممالک کی کرکٹ رقابت میں اس شاہی خاندان کا نام برقرار رہے گا۔ پٹودی خاندان کا دونوں ممالک کی کرکٹ سے گہرا رشتہ رہا ہے۔ 
  انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس سے قبل پٹودی ٹرافی کا نام بدل کر تینڈولکر۔ اینڈرسن ٹرافی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گاوسکر کے ساتھ کرکٹ کی دنیا کے کچھ دیگر لوگوں نے بھی اس ٹرافی کا نام بدلنے پر تنقید کی تھی۔ سچن تینڈولکر نے خود ای سی بی سے رابطہ کیا اور کہا کہ پٹودی کا نام ہندوستان۔ انگلینڈ کرکٹ کا حصہ بنا رہنا چاہیے۔ 
 بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا’’ای سی بی نے جب اس ٹرافی کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا تب سچن نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ پٹودی کا نام ہندوستان اورانگلینڈ رقابت کا حصہ بنا رہنا چاہیے۔ جے شاہ بھی اس بحث میں شامل تھے۔ ای سی بی نے درخواست پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے فاتح کپتان کو پٹودی میڈل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ‘‘واضح رہے کہ پٹودی خاندان کا ہندوستان۔ انگلینڈ کرکٹ سے گہرا تعلق ہے۔ افتخار علی خان پٹودی اور ان کے بیٹے منصور علی خان پٹودی نے ہندوستان کی کپتانی کی اور دونوں نے انگلینڈ میں طویل عرصے تک کاؤنٹی کرکٹ کھیلا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK