Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: ۸؍ سالہ فلسطینی بچے کی حالت پر خاتون امریکی ڈاکٹر اشکبار

Updated: July 26, 2025, 9:03 PM IST | Gaza

غزہ میں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے والی خاتون امریکی ڈاکٹر ۸؍ سالہ فلسطینی بچے کی حالت دیکھ کر رو پڑیں۔ بچے کے پورے خاندان کو اسرائیل نے فضائی حملے میں قتل کردیا ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ ’’مَیں تمہارے لئے لڑنا نہیں چھوڑوں گی۔‘‘

American female doctor Aldalus Burgos. Photo: X
امریکی خاتون ڈاکٹر ایلدالس برجوس۔ تصویر: ایکس

غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی ہزاروں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں جن میں بچوں، خواتین اور معمر شہریوں کو کسمپرسی کی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ غزہ کی پوری آبادی فاقہ کشی پر مجبور ہے کیونکہ اسرائیل خطے میں امداد داخل نہیں ہونے دے رہا ہے۔ ناقص تغذیہ اور غذائیت کی کمی کی وجہ سے سیکڑوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی میزائلوں نے فلسطینیوں کے سیکڑوں خاندان ختم کردیئے گئے ہیں۔ ان حالات میں غزہ کے ایک طبی مرکز سے ایک امریکی خاتون ڈاکٹر ایلدالس برجوس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ایک ۸؍ سالہ فلسطینی بچے سے بات چیت کررہی ہیں۔ بچہ اسپتال کے بستر پر نلیوں اور پٹیوں میں جکڑا لیٹا ہوا ہے جس کا پورا خاندان اسرائیلی فضائی حملوں میں ختم ہوگیا ہے۔ 

جب ڈاکٹر سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ اس بچے کو کیا پیغام دینا چاہتی ہیں؟ تو ڈاکٹر بچے کی طرف دیکھ کر جذباتی ہوجاتی ہیں اور ان کی آنکھیں اشکبار ہوجاتی ہیں، پھر وہ کہتی ہیں، ’’میرا پیغام یہ ہے کہ جب تک مَیں زندہ ہوں اور میری سانسیں چل رہی ہیں، میں تمہارے لئے لڑنا نہیں چھوڑوں گی، مَیں غزہ کے لوگوں کیلئے لڑنا نہیں چھوڑوں گی۔ کیونکہ جو ہورہا ہے وہ غیر انسانی ہے، مکمل طور پر غلط ہے۔ مَیں تمہیں چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گی۔ جب تک میری سانسیں چل رہی ہیں، میں تمہارے پاس ہوں۔‘‘ وہ آنکھوں میں آنسو لئے بچے کو کچھ دیر تک دیکھتی رہتی ہیں اور پھر آگے بڑھ جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی سے غزہ میں حالات دگرگوں،مزید ۸۹؍افراد شہید

دریں اثناء، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر مظاہرے ہورہے ہیں۔ گزشتہ دن لندن اور نیویارک کے علاوہ انڈونیشیا اور روم جیسے متعدد شہروں میں غزہ میں اسرائیل کے پیدا کئے ہوئے قحط کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔ شہریوں کی جانب سے ان کی حکومتوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ اسرائیل پر پابندیاں لگائیں اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کروائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK