• Tue, 02 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جونیئر ورلڈ کپ ہاکی :آج ہندوستان اور سوئزرلینڈ آمنے سامنے

Updated: December 02, 2025, 1:27 PM IST | Agency | Madurai

ناک آؤٹ مرحلے سے قبل میزبان ٹیم اس مقابلے میں اپنی کمزوریوں اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرےگی،کوچ کو کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امید۔

Indian hockey team players will be expected to put up a great performance against Switzerland. Photo: PTI
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے سوئزر لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کی امید رہے گی۔ تصویر:پی ٹی آئی
مدورائی،(ایجنسی): ہندوستانی ہاکی ٹیم بہترین فارم میں ہے لیکن اسے ابھی تک اصلی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ ایسے میں وہ منگل کو یہاں مردوں کے ایف آئی ایچ جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے اپنے آخری گروپ لیگ مقابلے میں سوئزرلینڈ کے خلاف جیت کا سلسلہ جاری رکھنے اور اپنے کمزور پہلوؤں کو دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان اور سوئزرلینڈ دونوں ہی پول’ بی‘ میں ۲۔۲؍ میچ جیت کر ناقابلِ شکست ہیں لیکن ہندوستانی ٹیم بہتر گول کے فرق کی بنیاد پر ٹیبل میں سرفہرست ہے۔چنئی میں پہلے ۲؍ میچوں میں ہندوستانی ٹیم نے گولوں کی برسات کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اس نے پہلے میچ میں چلی کو ۷۔صفرسے اور پھر عمان کو۱۷۔صفرسے شکست دی۔ دوسری جانب سوئزرلینڈ نے عمان کو چار۔صفر سے ہرایا اور پھر چلی پر ۲۔۳؍سے جیت حاصل کی۔
 ہندوستانی ٹیم کیلئے تشویش کے نکات
ہندوستانی ٹیم سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنا فاتحانہ سفر جاری رکھ کر ناک آؤٹ سے پہلے ایک بڑی جیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ لیکن ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے ہندوستان کیلئے کچھ فکر موجود ہیں۔پہلے ۲؍ میچوں میں ہندوستانی دفاعی لائن کا زیادہ امتحان نہیں ہوا کیونکہ گول کیپرز پرنس دیپ سنگھ اور بکرم جیت سنگھ کو کسی خاص چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ کپتان روہت کی قیادت میں دفاعی لائن بھی ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں مزید فعال رہنا چاہے گی۔
ہندوستان کیلئے تشویش کا ایک اور شعبہ پنالٹی کارنر پر گول نہ کر پانا ہے۔ ٹیم کے اہم ڈریگ فلیکر کپتان روہت کو اپنے کھیل میں بہتری لانی ہوگی۔ ایسا نہیں ہے کہ ہندوستان نے پنالٹیکارنر سے گول نہیں کئے لیکن زیادہ تر گول وِیری ایشن اور ری باؤنڈ سے کئے گئے۔
حوصلہ افزا پہلو
پہلے ۲؍ میچوں میں ہندوستان کی کارکردگی کیلئے سب سے حوصلہ افزا پہلو اس کی درمیانی اور فارورڈلائن کی کارکردگی رہا ہے۔دلراج سنگھ اب تک ۶؍ گول کر کے ٹورنامنٹ کے مشترکہ طور پر ٹاپ اسکورر ہیں۔ انہوں نے عمان کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی بنائی تھی جبکہ عرشدیپ سنگھ نے بھی پچھلے میچ میں ۳؍ گول کئےتھے۔منمیت سنگھ، اجیت یادو اور انگلیمبا لوانگ تھوراوجم جیسے کھلاڑی بھی گول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ 
سوئزرلینڈ کے خلاف میچ مدورائی میں ہندوستان کا واحد میچ ہے۔ اس کے بعد وہ اپنے باقی میچ کھیلنے کیلئے چنئی لوٹے گا۔ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی یہاں کی صورتحال کے ساتھ کس طرح تال میل بٹھا پاتے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ بیریندر لاکڑا اس تعلق سے زیادہ پریشان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا’’یقینی طور پر میدان بدلے گا، لیکن موسم کی صورتحال وہی رہے گی۔ ہمیں پریکٹس اور تال میل بٹھانے کیلئے ۲؍ دن کا وقت بھی ملا ہے۔ سوئزرلینڈ ایک اچھی ٹیم ہے۔ اس نے اپنے ۲؍ میچ بھی جیتے ہیں، اس لئے یہ مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ لیکن ہم ان کے کھیل کا تجزیہ کریں گے اور اسی طرح سے اپنی حکمت عملی بنائیں گے۔‘‘
جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ پی آر سری جیش نے بھی اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے سوئزرلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کی ا مید کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اب تک ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ ضرور کیا ہے لیکن اصل امتحان اب شروع ہوگا جب ٹیم سوئزرلینڈ سے ٹکرائےگی۔ویسے ہم مخالف ٹیم کے تعلق سے زیادہ نہیں سوچتے  بلکہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔ہم اپنے کھیل میں مزید بہتری کرنا چاہتے ہیں اور خامیوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔
منگل کو دیگر میچوں میں اسپین کا مقابلہ نامیبیا سے (مدورائی میں)، بلجیم کا مصر سے (مدورائی میں)، چلی کا عمان سے (چنئی میں)، نیدرلینڈ س کا آسٹریا سے (مدورائی میں)، فرانس کا بنگلہ دیش سے (چنئی میں)، انگلینڈ کا ملائیشیا سے (مدورائی میں) اور آسٹریلیا کا کوریا سے (چنئی میں) ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK