• Tue, 03 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیم کی شاندار اننگز کی بدولت عمان نے سری لنکا اے کو شکست دے دی

Updated: February 03, 2026, 8:04 PM IST | Columbo

۴۴؍سالہ عامر کلیم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عمان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے وارم اپ میچ میں سری لنکا اے کو کولمبو کرکٹ گراؤنڈ پر۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Amir Kaleem.Photo:INN
عامر کلیم۔ تصویر:آئی این این

۴۴؍سالہ عامر کلیم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عمان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے وارم اپ میچ میں سری لنکا اے کو کولمبو کرکٹ گراؤنڈ پر۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی سری لنکا اے ٹیم کے لیے رنز بنانا مشکل ثابت ہوا، تاہم اوپنر دولنتھ سیلگارا نے ۱۴؍ گیندوں پر ۲۰؍ رنز بنا کر ٹیم کو معقول آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد عمان کے گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کئے  اور چمندو وکرما سنگھے کی ۲۴؍ رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت سری لنکا اے کی ٹیم ۲۰؍ اوورز میں ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۵؍ رنز تک محدود رہی۔ عمان کی جانب سے شاہ فیصل، شکیل احمد اور جے اوڈیڈرا نے دو، دو وکٹیں حاصل  کیں۔
جواب میں عمان کی ٹیم نے بھی باقاعدہ وقفوں سے وکٹ گنوائیں اور ٹاپ پانچ میں سے کوئی بھی بلے باز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا، سوائے عامر کلیم کے  کیونکہ سری لنکا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر وانوجا سہن نے ۲۲؍ رنز دے کر ۳؍وکٹ حاصل کر کے شاندار بولنگ کی۔

اوپننگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز عامر کلیم نے ۴۷؍ گیندوں پر ۸؍چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے ۸۰؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مشکل ہدف کے تعاقب میں اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہیں وکٹ کیپر ونایک شکلا کا بھرپور ساتھ ملا، جنہوں نے ۳۹؍ رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور دو اوورز باقی رہتے ہوئے عمان کو فتح دلائی۔
ایم سی سی نے بال کنٹرول، اوور اور وکٹ کیپر موومنٹ کے قوانین سخت کر دیے
میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے کرکٹ قوانین کے نئے ایڈیشن کی منظوری دے دی ہے جو اکتوبر ۲۰۲۶ء سے نافذ ہوں گے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد کھیل کی ساخت بدلنے کے بجائے آؤٹ، اوور کی تکمیل اور کھلاڑیوں کی پوزیشننگ سے متعلق قوانین میں مزید وضاحت اور سختی لانا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ پیٹ کمنز انجری کے باعث باہر

اہم تبدیلیوں میں بال پر مکمل کنٹرول کی واضح تعریف شامل ہے۔ اب رن آؤٹ یا اسٹمپنگ کے لیے صرف گیند کو چھونا کافی نہیں ہوگا، بلکہ وکٹ گرنے کے وقت گیند پر مکمل کنٹرول ہونا ضروری ہوگا۔ اس سے امپائروں کو مشکل فیصلوں میں بہتر رہنمائی ملے گی۔ ٹیسٹ میچز میں دن کا آخری اوور اب مکمل کیا جائے گا، چاہے اس دوران وکٹ گر جائے۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر کے قانون میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت کیپر کو گیند ریلیز ہونے کے بعد ہی اسٹرائیکر کے اسٹمپس کے پیچھے ہونا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:نیویدیتا دوبے ایئرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا بورڈ میں شامل ہونے والی پہلی خاتون

دیگر تبدیلیوں میں ڈیڈ بال کی واضح تعریف، ہٹ وکٹ قوانین میں سختی، اوورتھرو کی نئی تشریح، باؤنڈری کیچ پر بنی ہاپ  کا خاتمہ اور جان بوجھ کر شارٹ رن لینے پر سخت سزائیں شامل ہیں۔ ایم سی سی کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد دباؤ والے مقابلوں میں فیصلوں کو مزید واضح اور یکساں بنانا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK