Inquilab Logo Happiest Places to Work

کنگنا رناوت کی ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ بری طرح ناکام، مسلسل ۱۳؍ ویں فلاپ فلم بنی

Updated: June 17, 2026, 5:03 PM IST | Mumbai

۲۶؍ نومبر۲۰۰۸ءممبئی حملوں کے پس منظر میں بننے والی کنگنا رناوت کی فلم ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ فلم نے ابتدائی چار دنوں میں محض۳ء۷۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جس کے بعد اسے ایک اور فلاپ قرار دیا جا رہا ہے۔

Kangana Ranaut, in the film `Bharat Bhhagya Viddhaata`. Photo: INN
کنگنا رناوت، فلم ’’ بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ میں۔ تصویر: آئی این این

’’ایمرجنسی ‘‘کی باکس آفس ناکامی کے ایک سال سے زائد عرصے بعد، کنگنا رناوت فلم ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا ‘‘کے ذریعے بڑے پردے پر واپس آئیں۔ یہ فلم ۲۶؍ نومبر کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے اور اس میں دکھایا گیا ہے کہ کاما اسپتال کی نرسوں نے دہشت گردوں سے۴۰۰؍مریضوں کی جانیں کیسے بچائیں۔ فلم کم تشہیر کے ساتھ ریلیز ہوئی، اسے ملے جلے تبصرے موصول ہوئے اور یہ شائقین کو سنیما گھروں تک لانے میں ناکام رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’غدر‘‘ کے ۲۵؍ سال، انیل شرما نے ’’غدر ۳‘‘ کا اشارہ دیا

’’بھارت بھاگیہ ودھاتا ‘‘کی مایوس کن باکس آفس کارکردگی
منوج تپاڈیا کی ہدایت کاری میں بننے والی’’ بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ نے پہلے دن صرف۷۰؍ لاکھ روپے، دوسرے دن۱ء۱۵؍کروڑ روپے اور تیسرے دن۱ء۵۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ یوں فلم نے اپنے پہلے ویک اینڈ میں مجموعی طور پر صرف۳ء۳۵؍کروڑ روپے کمائے۔ افتتاحی ویک اینڈ کی کمزور کارکردگی کے بعد فلم سے زیادہ امیدیں باقی نہیں رہیں، جبکہ پیر کو کاروبار میں مزید کمی نے اس کی قسمت کا فیصلہ کر دیا۔ چوتھے دن فلم محض ۴۰؍لاکھ روپے کا بزنس کر سکی۔ باکس آفس انڈیا کے مطابق، چار دنوں میں فلم کی مجموعی کمائی۳ء۷۵؍کروڑ روپے تک پہنچ سکی ہے۔ اس کے مقابلے میں اسی دوران ریلیز ہونے والی فلموں ’’ ہانٹیڈتھری ڈی: ایکوز آف دی پاسٹ‘‘ اور’’ میں واپس آؤں گا‘‘ نے پیرکو نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی۔ ’’ ہانٹیڈتھری ڈی: ایکوز آف دی پاسٹ‘‘ کی کمائی ۱۰؍کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے اور توقع ہے کہ پہلے ہفتے کے اختتام تک یہ۱۴؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کر لے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہدایتکار نے Obsession 2 اور نئی ہارر کائنات کے اشارے دیئے

دوسری جانب’’ میں واپس آؤں گا ‘‘کے پہلے ہفتے میں ۱۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائی کرنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ جہاں تک ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا ‘‘کا تعلق ہے، امکان ہے کہ فلم اپنی مجموعی نمائش کے دوران۱۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ 
کنگنا رناوت کی ۱۱؍سالہ فلاپ فلموں کی لڑی برقرار
’’بھارت بھاگیہ ودھاتا ‘‘اب کنگنا رناوت کی مسلسل ۱۳؍ویں باکس آفس فلاپ فلم بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ کنگنا کی آخری کامیاب فلم ’’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘‘ تھی جو۲۰۱۵ء میں بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔ کنگنا رناوت اس وقت کوئین کے سیکوئل’’ کوئین فارایور ‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ وہ’’ تنو ویڈز منو ۳‘‘ اور آر مادھون کے ساتھ ایک نفسیاتی تھریلرفلم میں بھی نظر آئیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK