• Tue, 03 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیمی اینٹونیلی نے فارمولا وَن جیت کر تاریخ رقم کردی

Updated: November 03, 2026, 1:52 PM IST | Agency | Mumbai

اٹلی سے تعلق رکھنے والے مرسڈیز کے۲۰؍سالہ ڈرائیور نے سب سے کم عمر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

Italy`s Kimi Antonelli kissing the trophy. Photo courtesy: X
اٹلی کے کیمی اینٹونیلی ٹرافی کو چومتے ہوئے۔ تصویر بشکریہ: ایکس

اٹلی کے کیمی اینٹونیلی میکسیکو گراں پری میں اگرچہ تیسرے نمبر پر رہے، لیکن انہوں نے محض ۲۰؍ سال کی عمر میں فارمولا ون چمپئن شپ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ مرسڈیز کے اس ڈرائیور نے میکسیکو گراں پری کے فاتح میکس ورسٹاپین اور لوئس ہملٹن کے بعد تیسرا نمبر حاصل کیا، لیکن چمپئن شپ اپنے نام کرنے کے لئے یہ کافی تھا۔ ریس ختم کرنے کے بعد وہ خوشی سے جھوم اٹھے۔ اینٹونیلی نے کہا’’ابھی جو کچھ ہوا ہے میں اسے سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ جب آپ اتنی سخت محنت کرتے ہیں اور آخرکار اسے حاصل کر لیتے ہیں، تو یہ واقعی بہت خاص ہوتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:وراٹ کوہلی ایک اور تاریخی ریکارڈ کے قریب

اینٹونیلی سے پہلے سب سے کم عمر میں چمپئن بننے کا ریکارڈ سبسٹین ویٹیل کے پاس تھا، جنہوں نے ۲۰۱۰ء میں ۲۳؍ سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔اینٹونیلی کے ساتھ ان کے والدین اور چھوٹی بہن بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہا ’’جذبات کا ایک طوفان امڈ رہا ہے۔ اپنے خاندان کے ساتھ اس لمحے کا گواہ بننا ایسا لمحہ ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔‘‘

چمپئن شپ ٹیبل میں اینٹونیلی کے کُل ۳۸۰؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اس طرح انہوں نے ۴؍ ریس باقی رہتے ہوئے ہی چمپئن شپ اپنے نام کر لی ہے۔ٹیبل میں ورسٹاپین ۲۶۱؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ہملٹن ۲۵۹؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کوئی ایک اگر باقی چاروں ریسیں جیت بھی لے تو وہ اینٹونیلی سے آگے نہیں نکل سکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK