Inquilab Logo Happiest Places to Work

کے کے آر نے ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دی

Updated: May 21, 2026, 2:52 PM IST | Mumbai

کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے بارش سے متاثرہ مقابلے میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ۶۵؍ ویں میچ میں ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دی۔

KKR Players.Photo:X
کےکے آر کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 کیمرون گرین، سوربھ دوبے اور کارتک تیاگی (دو دو وکٹ) کی بہترین گیند بازی کے بعد منیش پانڈے اور رومن پاویل کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے بدھ کے روز بارش سے متاثرہ مقابلے میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ۶۵؍ ویں میچ میں ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ 
۱۴۸؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ پاور پلے کے اختتام تک ٹیم نے ۲؍ وکٹ پر ۵۱؍ رن بنائے جبکہ ۱۳؍ اوورز کے بعد اسکور ۳؍ وکٹ پر۱۱۲؍ رن تک پہنچ گیا اور جیت کے لیے صرف ۳۶؍ رن درکار رہ گئے۔  میچ کا آغاز تیز رہا، جہاں فن ایلن نے دیپک چاہر کے پہلے اوور میں دو چوکے لگائے، لیکن دیپک چاہر نے شاندار واپسی کرتے ہوئے انہیں بولڈ کر دیا۔ ایلن ۵؍ گیندوں پر ۸؍ رن بنا سکے۔ پہلے اوور کے بعد کولکاتا کا اسکور ۱۰/ ایک رہا۔ 

 


اس کے بعد کپتان اجنکیا رہانے اور منیش پانڈے نے اننگز سنبھالی۔ جسپریت بمراہ کے اوور میں رہانے نے تین خوبصورت چوکے لگائے، جبکہ منیش پانڈے نے بھی جارحانہ انداز اپنایا۔ ۴؍اوورز کے بعد اسکور ۳۱/ ایک ہو گیا۔ پاور پلے کے آخری اوور میں کاربن بوش نے اہم کامیابی دلاتے ہوئے رہانے کو ۲۱؍رن پر آؤٹ کیا۔ رہانے نے ۱۷؍ گیندوں کی اننگز میں ۴؍ چوکے لگائے۔ ۶؍ اوورز کے بعد کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا اسکور ۵۱/۲؍رہا۔  بعد ازاں کیمرون گرین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کاربن بوش کی گیند پر صرف ۴؍ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسی اوور میں روومین پاول نے چھکا اور چوکا لگا کر رن رفتار تیز کر دی۔ 
۱۰؍ اوورز کے بعد کولکاتا نے ۳؍ وکٹ پر ۸۴؍ رن بنا لیے تھے۔ اس دوران روومین پاول کو ایک آسان کیچ پر زندگی بھی ملی، جب ڈیپ اسکوائر لیگ پر دو فیلڈرز آپس میں ٹکرا گئے اور گیند ان کے درمیان گر گئی۔ اس کے بعد منیش پانڈے اور روومین پاول نے ممبئی کے گیندبازوں پر دباؤ بڑھا دیا۔ ہاردک پانڈیا اور رگھو شرما کے اوورز میں دونوں بلے بازوں نے مسلسل چوکے لگائے۔ پاول نے کٹ اور پیڈل اسکوپ شاٹس سے شاندار باؤنڈریز حاصل کیں، جبکہ منیش پانڈے نے کور اور تھرڈ مین کی جانب دلکش شاٹس کھیلے۔ 
۱۳؍ اوورز کے بعد کولکاتا نائٹ رائیڈرز کا اسکور  ۱۱۲/ ۳؍ہو گیا تھا۔ منیش پانڈے ۴۳؍ اور روومین پاول۳۲؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے اور دونوں کے درمیان نصف سنچری شراکت مکمل ہوئی۔  جسپریت بمراہ نے ممبئی انڈینس کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے سیٹ بلے باز منیش پانڈے کو بولڈ کر دیا۔۱۵؍ویں اوور کی آخری گیند پر بمراہ کی شاندار اِن سوئنگر نے کولکاتا  نائٹ رائیڈرز کو بڑا جھٹکا دیا۔ 
آف اسٹمپ کے باہر گڈ لینتھ پر پڑنے والی گیند تیزی سے اندر آئی۔ منیش پانڈے بیک فٹ پر جا کر کٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تھے، لیکن گیند بلے کو چکمہ دیتی ہوئی سیدھا اسٹمپس سے جا ٹکرائی۔ وکٹ حاصل کرتے ہی بمراہ نے زوردار جشن منایا۔ یہ پہلا موقع تھا جب جسپریت بمراہ نے ٹی۲۰؍ کرکٹ میں منیش پانڈے کو آؤٹ کیا۔ پانڈے نے ۳۳؍ گیندوں پر۴۵؍ رن بنائے، جس میں ۶؍ چوکے شامل تھے۔  غضنفر نے ممبئی انڈینس کو ایک اور بڑی کامیابی دلاتے ہوئے خطرناک بلے باز روومین پاول کو پویلین واپس بھیج دیا۔ پاول ۴۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:آیوشمان کھرانہ کی فلم کی کمائی میں گراوٹ،جنوبی ہند کے آگے پھیکی پڑی بالی ووڈ کی کامیڈی فلم


روومین پاول جارحانہ انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے اور تیزی سے میچ کولکاتا نائٹ رائیڈرزکی جانب لے جا رہے تھے، لیکن غضنفر نے اہم موقع پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ پاول نے اپنی اننگز میں کئی دلکش شاٹس کھیلے اور ٹیم کے اسکور کو مضبوط پوزیشن تک پہنچایا۔ آخر میں کولکاتا کو جیت کے لئے۱۲؍ رن درکار تھے لیکن تیجسوی تیز رن بنانے کی کوشش میں خراب شاٹ کھیل کر کاربن بوش کے ہاتھوں آوٹ ہوگئے جس سے ٹیم دباؤ میں آگئی وہ محض گیارہ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آخر میں جب ٹیم کو جیت کے لئے ۸؍ رن کی ضرورت تھی تو رنکو کا ساتھ دینے انوکول رائے آئے ۔ رنکو سنگھ اور انکول نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ممبئی کی جانب سے سب سے زیادہ کاربن بوش نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ بمراہ ، غضنفر اور چاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 
اس سے قبل یہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ممبئی انڈینز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے پاور پلے میں ۴۱؍ کے اسکور تک اپنے ابتدائی چار وکٹ گنوا دیے۔ رائن ریکلٹن (چھ) اور نمن دھیر (صفر) کو تیسرے اوور میں کیمرون گرین نے آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں سوربھ دوبے نے روہت شرما (۱۵) کو اپنا شکار بنا لیا۔ چھٹے اوور میں دوبے نے سوریا کمار یادو (۲۰) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو مشکل میں ڈال دیا۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں بارش ہونے کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑا۔ 

اٹلی: جیلوں میں بھیڑ بھاڑ کی شرح ۱۳۹؍ فیصد سے تجاوز، خودکشیوں، تشدد میں اضافہ


ایسے وقت میں تلک ورما اور کپتان ہاردک پانڈیا نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے ۴۳؍ رن کی شراکت داری ہوئی۔ ۱۴؍ ویں اوور میں کارتک تیاگی نے تلک ورما (۲۰؍ رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔۱۶؍ ویں اوور میں سنیل نارائن نے ہاردک پانڈیا (۲۶) کا شکار کر لیا۔ ۱۷؍ ویں اوور میں ول جیکس ۱۴؍ رن آؤٹ ہوئے۔ آخری اوورس میں دیپک چاہر اور کاربن بوش کی جوڑی نے آٹھویں وکٹ کے لیے ۴۲؍ رن جوڑ کر ممبئی انڈینز کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔ کاربن بوش نے ۱۸؍ گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن بنائے۔ دیپک چاہر (۱۰) اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیے کیمرون گرین، سوربھ دوبے اور کارتک تیاگی نے دو دو وکٹ لیے۔ سنیل نارائن نے چار اووروں میں محض ۱۳؍رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK