Updated: January 02, 2026, 3:25 PM IST
| New Delhi
۲۰۲۵ء ختم ہوتے ہی ٹیم انڈیا کے جارح بلے باز نےکریئر کے دوران عالمی درجہ بندی میں ٹاپ ۔۲؍میں رہنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، ویسٹ انڈیز کے ویورچرڈس جہاں ایک کلینڈر سال میں ۹؍مرتبہ آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ ۔۲؍ رہے وہیں ہندوستان کے کوہلی نے ۱۰؍بار یہ کارنامہ انجام دیا۔
وراٹ کوہلی۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کے جارح بلے باز اور سابق کپتان وراٹ کوہلی نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے ۳؍ میچوں میں۳۰۲؍ رن بنائے تھے، جس میں ۲؍ سنچریاں اور ایک ہاف سنچری شامل تھی۔ اس سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد وہ آئی سی سی کی یکروزہ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پہلے نمبر پر ہندوستان کے ہی روہت شرما موجود ہیں۔ وراٹ کوہلی نے ۲۰۲۵ءکی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ ۔۲؍میں رہتے ہوئے سال مکمل کیا اور اسی کے ساتھ ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وراٹ کوہلی نے اپنے ون ڈے کریئر میں۱۰؍ ویں بار ایک کیلنڈر سال کا اختتام آئی سی سی ددرجہ بندی میں ٹاپ ۲؍میں رہ کر کیا ہے۔ وراٹ نے ۲۰۱۷ء،۲۰۱۸ء،۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبرایک بلے باز کے طور پر سال ختم کیا تھا۔ جبکہ ۲۰۱۳ء، ۲۰۱۴ء، ۲۰۱۵ء، ۲۰۱۶ء، ۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۵ءمیں وہ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اب تک دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا ہے۔
ٹیم انڈیا کےوراٹ کوہلی نے اس معاملے میں ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ بلے باز ویوین رچرڈس کا ایک پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ رچرڈس نے اپنے کریئر کے دوران ۹؍ بار ایک کیلنڈر سال کا اختتام ٹاپ ۲؍ میں رہ کر کیا تھا۔ اب تک بلے بازوں میں یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر کوہلی اور ویو رچرڈس کے نام تھا۔
اگر گیند بازوں کی بات کریں تو جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولاک اپنے کریئر میں ۹؍ بار ٹاپ ۔۲؍ میں رہے تھے، جن میں سے ۷؍بار وہ پہلے نمبر پر رہے۔ وراٹ کوہلی نے اب رچرڈس اور پولاک دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وراٹ کوہلی جنوبی افریقی سیریز کے بعد حال ہی میں وجے ہزارے ٹرافی میں کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں آندھرا پردیش کے خلاف میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ ۲۰۲۵ءمیں وراٹ کوہلی نے ون ڈے میں کمال کیا ہے۔ انہوں نے ۱۳؍ میچ کھیلے اور ۶۵ء۱۰؍ کے اوسط سے۶۵۱؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رن ان کے نام رہے اور وہ پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے جنہوں نے جیتنے والے میچوں میں ۱۸؍ ہزار رن مکمل کر لئے ہیں۔شائقین کو امید ہوگی کہ وراٹ کوہلی ۲۰۲۶ء کا اختتام بھی ٹاپ۔۲؍میں رہتے ہوئے کریں گے۔