Inquilab Logo

لیلیٰ علی نےاپنےکریئرمیں کوئی باکسنگ میچ نہیں ہارا اوراپنےوالد کا نام برقراررکھا

Updated: December 30, 2023, 11:32 AM IST | Agency | New Delhi

لگاتار ۲۴؍ میچوں کی فاتح لیلیٰ علی نے تربیت اپنے والد اور عظیم باکسر محمدعلی سے حاصل کی ہے، ۲۱؍ میچوں میں اپنے مدمقابل کو ناک آئوٹ بھی کیا ہے، انہیں کامیاب ترین خاتون باکسر قرار دیا جاتا ہے۔

Famous female boxer Laila Ali during a match with her father and great boxer Muhammad Ali. Photo: INN
مشہور خاتون باکسر لیلیٰ علی اپنے والد اورعظیم مکے باز محمد علی کے ساتھ ایک میچ کے دوران ۔ تصویر : آئی این این

باکسنگ کے کھیل کو ویسے تو مردوں کی طاقت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے لیکن کسی خاتون کا اس خطرناک کھیل میں اپنی شناخت قائم کرنا بہت بڑی بات اور چیلنج کہا جاسکتا ہے لیکن لیلیٰ علی ان چند خواتین باکسرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے کریئر میں کوئی مقابلہ نہیں ہارا۔ لیلیٰ نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر۲۴؍ فائٹ لڑی ہیں جن میں سے انہوں نے تمام میچوں میں جیت حاصل کی ہے۔ باکسنگ رنگ میں ان کا دبدبہ کچھ ایسا رہا ہے کہ ۲۴؍ میں سے ۲۱؍ میچوں میں انہوں نے اپنے مدمقابل کو ناک آئوٹ کردیا۔ لیلیٰ کو خواتین کی باکسنگ کی تاریخ کی کامیاب ترین خاتون قرار دیا جاتا ہے۔ مشہور امریکی باکسر محمد علی کی صاحبزادی لیلی علی ، جن کا پور نام لیلیٰ عماریہ علی ہے ۳۰؍ دسمبر۱۹۷۷ء کو میامی فلوریڈا (امریکہ) میں پیدا ہوئیں۔
لیلیٰ علی نے اپنی ابتدائی تعلیم ہیملٹن ہائی اسکول سے مکمل کی اور مزید تعلیم سانتا مونیکا کالج، کیلیفورنیا سے حاصل کی جہاں سے انہوں نے اپنی بزنس ڈگری حاصل کی۔ ان کےوالد محمد علی کی خواہش تھی کہ ان کی کوئی نہ کوئی اولادباکسر بن جائے۔ محمد علی کے نو بچوں میں سے دوسری سب سے چھوٹی بیٹی لیلیٰ علی نے جب باکسنگ کا انتخاب کیا، تو محمد علی کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہی۔ لیلیٰ نےجب ۱۸؍برس کی عمر میں اس کھیل کو کریئر کے طور پر منتخب کیا تو ان سے وہی توقعات وابستہ تھیں جو کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز سچن کے بیٹے ارجن سے وابستہ تھیں ۔ اپنے والد کے اسٹارڈم کو برقرار رکھنا لیلی کے لئے ایک چیلنج تھا لیکن وہ اس پیشہ سے خوفزدہ نہیں تھیں ۔لیلی نے ۲۱؍ برس کی عمر میں ۱۹۹۹ء میں پروفیشنل باکسنگ کا آغاز کیا۔۲۰۰۱ء میں انہوں نے باکسر جو فریزیئر کی بیٹی جیکی فریزیئرلائیڈ کو شکست دی۔۲۰۰۲ءمیں لیلیٰ علی کو بین الاقوامی باکسنگ اسوسی ایشن اور خواتین کی بین الاقوامی باکسنگ ایسوسی ایشن نے سپر مڈل ویٹ چمپئن قرار دیا تھا۔
 لیجنڈری باکسر محمد علی اور ان کی تیسری اہلیہ ویرونیکا پورش کی بیٹی لیلیٰ نے خواتین کی باکسنگ میں نام کما کر اپنے والد کا اعزاز برقرار رکھا۔ لیلیٰ علی اپنا موازنہ اپنے والد سے کرنے میں ہمیشہ ہچکچاتی ر ہیں ۔ لیلیٰ کے پاس باکسنگ کی قدرتی مہارت ہے جو بہت کم لوگوں کے حصہ میں آتی ہے۔ ۲۰۰۷ءمیں باکسنگ سے ریٹائر ہونے کے بعد لیلیٰ نے مختلف کاموں پر توجہ دی اور وہ اب بھی پوری طرح سے فلاحی کاموں میں سرگرم ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK