آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن کے فائنل میں ہندوستانی کھلاڑی کو تائیوان کے لن چون نے ہرادیا۔
EPAPER
Updated: March 09, 2026, 12:13 PM IST
آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن کے فائنل میں ہندوستانی کھلاڑی کو تائیوان کے لن چون نے ہرادیا۔
ہندوستان کے ۲۴؍ سالہ اسٹار شٹلر لکشیا سین کو آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ ۲۰۲۶ء کے مردوں کے سنگلز فائنل میں تائیوان کے لن چون ای کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ چاندی کا تمغہ (سلور میڈل) لے کر وطن واپس لوٹیں گے۔ اتوار کو کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں لن چون ای نے لکشیا کو۱۵۔ ۲۱، ۲۰۔ ۲۲؍ سے زیر کیا۔
۵۷؍ منٹ تک جاری رہنے والے اس سخت مقابلے میں لکشیا سین نے بھرپور مزاحمت کی لیکن وہ دوسری بار آل انگلینڈ کے فائنل میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دوسری جانب رواں سال انڈیا اوپن سپر۔ ۵۰۰؍جیتنے والے لن چون ای، آل انگلینڈ کا خطاب جیتنے والے تائیوان کے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ لکشیا سین، جنہوں نے فائنل تک پہنچنے کے لئے کورٹ پر ۵؍گھنٹے سے زیادہ وقت صرف کیا تھا، میچ کے آغاز میں اپنا فارم تلاش کرنے میں کچھ دیر لگائی۔
یہ بھی پڑھئے: ایشین کپ: جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کا مقابلہ برابر، کوریا گروپ اے میں ٹاپ پر
لن چون ای نے اپنےبرق رفتار شاٹس اور کراس کورٹ ونرز کے ذریعے دباؤ برقرار رکھا اور پہلا گیم ۱۵۔ ۲۱؍سے اپنے نام کیا۔ دوسرے گیم میں لکشیا نے شاندار واپسی کی اور ایک موقع پر ۳۔ ۴؍کے اسکور سے مسلسل ۶؍ پوائنٹس حاصل کر کے ۴۔ ۹؍کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم، تائیوان کے کھلاڑی نے طویل ریلیوں کے ذریعے تھکے ہوئے لکشیا کو الجھایا اور اسکور برابر کر دیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں اسکور ۱۹۔ ۲۰؍ تک پہنچ گیا۔ لکشیا نے ایک میچ پوائنٹ تو بچا لیا لیکن لن چون ای نے دوسرے میچ پوائنٹ پر غلطی نہیں کی اور تاریخی فتح سمیٹ لی۔