اسپین کے شہر لانوسیا میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان سب سے کامیاب ملک رہا جس نے ۹؍ گولڈ، ۳؍ سلور اور ۷؍ کانسے کے میڈل حاصل کئے۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 11:42 AM IST
اسپین کے شہر لانوسیا میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان سب سے کامیاب ملک رہا جس نے ۹؍ گولڈ، ۳؍ سلور اور ۷؍ کانسے کے میڈل حاصل کئے۔
ہندوستان نے باکسم ایلیٹ انٹرنیشنل ۲۰۲۶ء کے آخری دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سفر کا اختتام انتہائی کامیابی کے ساتھ کیا۔ اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین اور سابق یوتھ ورلڈ چمپئن اروندھتی چودھری کی قیادت میں ہندوستانی باکسرز نے اسپین کے شہر لا نوسیا (ایلی کانٹے) میں مجموعی طور پر۹؍طلائی تمغے جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی۔
لانوسیا میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان سب سے کامیاب ملک رہا جس نے ۹؍ گولڈ، ۳؍ سلور اور ۷؍ کانسے کے میڈل حاصل کئے۔ مقابلے میں ۲۰؍ ممالک کے ۲۰۰؍ سے زائد باکسرز نے شرکت کی۔
ہندوستانی خواتین باکسرز نے آخری دن تاریخ ساز کارکردگی دکھاتے ہوئے ساتوں ایلیٹ ویمنس فائنل مقابلے جیت لیے، جن میں ۵۴؍ کلوگرام کیٹیگری کا آل انڈین فائنل بھی شامل تھا۔ منجو رانی(۴۸ ؍ کلوگرام)، نیتو(۵۱)، پونم (۵۴)، پریہ(۶۰)، اروندھتی(۷۰)، لولینا(۷۵) اور نینا(۸۰) نے اپنے اپنے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کو کلین سویپ دلایا۔
یہ بھی پڑھئے: نیتو اور پریتی سیمی فائنل میں، باکسنگ میں ہندوستان کے ۱۹؍ تمغے یقینی
مردوں کے فائنلز میں سچن(۶۰) نے کینیڈا کے کیوما-علی الاحمدیہ کو۲:۳؍ سے شکست دی، جبکہ آکاش(۷۵) نے قزاقستان کے امن کونسبیکوف کو سخت مقابلے میں ہرا کر گولڈ حاصل کیا۔ دیپک(۷۰)اور انکش (۸۰) کو بالترتیب سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
بی ایف آئی کے صدر اجے سنگھ نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ سیزن کے آغاز میں اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی مقابلے فراہم کرنے میں کامیاب رہا اور فائنلز میں شاندار نتائج ہندوستانی باکسنگ پروگرام کی ترقی کا ثبوت ہیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ سانتیاگو نیوا نے خواتین کی کارکردگی کو نظم و ضبط، اعتماد اور اجتماعی ماحول کا نتیجہ قرار دیا۔