پارلیمنٹ میں دفتری اوقات کے بعد کال اور ای میل کو نظر انداز کرنے کے قانونی حق کی تجویز پیش کی گئی، اس کا مقصد کام اور نجی زندگی کے توازن کو فروغ دینا ہے، اس کے علاوہ بل میں ملازمین کی بہبود کے لیے ایک اتھارٹی قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔
EPAPER
Updated: December 07, 2025, 12:13 PM IST | New Delhi
پارلیمنٹ میں دفتری اوقات کے بعد کال اور ای میل کو نظر انداز کرنے کے قانونی حق کی تجویز پیش کی گئی، اس کا مقصد کام اور نجی زندگی کے توازن کو فروغ دینا ہے، اس کے علاوہ بل میں ملازمین کی بہبود کے لیے ایک اتھارٹی قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔
کام اور نجی زندگی کے توازن کو فروغ دینے کے لیے، لوک سبھا کی رکن سپریا سُلے نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کیا ہے جس کے تحت ملازمین کو دفتری اوقات کے بعد ای میل، کال یا پیغامات جیسے کام سے متعلق الیکٹرانک رابطوں کو نظر انداز کرنے کا قانونی حق دیا جائے گا۔رائٹ ٹو ڈس کنیکٹ بل،۲۰۲۵ء کے تحت اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے آجرین پر ان کے ملازمین کی کل معاوضے کا ایک فیصد مالی جرمانہ عائد کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ بل میں ملازمین کی بہبود کے لیے ایک اتھارٹی قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ملازمین سے دفتری اوقات کے بعد رابطے کا جواب دینے کی توقع نہ کی جائے۔
بعد ازاں سپریا سُلے نے ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا،’’رائٹ ٹو ڈس کنیکٹ بل۲۰۲۵ء ہر ملازم کو کام کے اوقات کے بعد متعلقہ الیکٹرانک رابطوں سے دور رہنے کا حق فراہم کرتا ہے۔ آج کی ڈیجیٹل ثقافت کے باعث پیدا ہونے والی تھکن کو کم کر کے، یہ بل زندگی کے بہتر معیار اور کام اور زندگی کے صحت مند توازن کو فروغ دیتا ہے۔‘‘واضح رہے کہ پرائیویٹ ممبر بل کے ذریعے اراکین پارلیمنٹ ان مسائل کو اجاگر کر سکتے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ ان کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے، لیکن ایسے بل عام طور پر حکومتی جواب کے بعد واپس لے لیے جاتے ہیں اور شاذ و نادر ہی آگے بڑھ پاتے ہیں۔
تاہم این سی پی کی ورکنگ صدر سپریا سُلے نے دو اضافی پرائیویٹ ممبر بل بھی پیش کیے ہیں: ایک ملازمین کوپدری چھٹی (پیڈ پیٹرنٹل لیو) فراہم کرنے کے لیے، اور دوسرا گیگ ورکرز کے لیے سوشل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے۔پیٹرنٹی اینڈ پیٹرنل بینیفٹس بل، ۲۰۲۵ء کے تحت ’’پدری‘‘ چھٹی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ باپ کو اپنے بچے کی ابتدائی نشوونما میں حصہ لینے کا قانونی حق حاصل ہو۔اس کے علاوہ کوڈ آن سوشل سیکیورٹی (ترمیمی) بل،۲۰۲۵ء پلیٹ فارم بیسڈ گیگ ورکرز کو ایک الگ زمرے کے طور پر تسلیم کرتا ہے، اور ان کے لیے کم از کم اجرت، منظم اوقات، سوشل سیکیورٹی، منصفانہ شرائط اور مساوی معاہدے کو یقینی بناتا ہے تاکہ ان کے لیے زیادہ منصفانہ اور پائیدار ماحول اور معیشت قائم کی جا سکے۔یہ بل مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے بعد آیا ہے جس میں مختلف شعبوں میں ملازمت کے ضوابط کو آسان اور جدید بنانے کے لیے نئے لیبر ضابطہ نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ توقع ہے کہ نئے لیبر ضوابط یکم اپریل۲۰۲۶ء سے مکمل طور پر نافذ کر دیے جائیں گے۔