• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوئس ہیملٹن کا اسرائیل سے غزہ میں امدادی سامان داخل کرنے کا مطالبہ

Updated: November 12, 2026, 4:05 PM IST | Gaza

فارمولا ون کے سات مرتبہ عالمی چیمپئن اور معروف برطانوی ریسنگ ڈرائیور لوئس ہیملٹن نے غزہ میں انسانی بحران اور فلسطینی عوام کی مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے۔

Lewis Hamilton.Photo:X
لوئس ہیملٹن۔ تصویر:ایکس

فارمولا ون کے سات مرتبہ عالمی چیمپئن اور معروف برطانوی ریسنگ ڈرائیور لوئس ہیملٹن نے غزہ میں انسانی بحران اور فلسطینی عوام کی مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور انسانی امداد کی فراہمی میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔ ہیملٹن نے اپنے پیغام میں واضح الفاظ میں کہا کہ امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے سے روکنے کا کوئی جواز یا بہانہ قابل قبول نہیں ہے۔۴۱؍ سالہ لوئس ہیملٹن نے یہ اپیل مصر میں رفح سرحدی گزرگاہ کے دورے کے بعد کی۔ وہ ۱۰؍ نومبر کو مصر کے علاقے العریش پہنچے تھے، جہاں انہوں نے غزہ کے لیے انسانی امداد کی تیاری اور ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مصر کی رفح سرحدی گزرگاہ اور مصری ہلال احمر (Egyptian Red Crescent) کے امدادی گوداموں کا دورہ کیا، جہاں امدادی کارکنوں اور متعلقہ حکام نے انہیں بتایا کہ خوراک، طبی سامان اور دیگر ضروری اشیا کس طرح غزہ بھیجنے کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔
رفح سرحدی گزرگاہ کے دورے کے دوران ہیملٹن نے دیکھا کہ خوراک اور دیگر ضروری اشیا سے لدے متعدد ٹرک غزہ میں داخل ہونے کے انتظار میں کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق امدادی ٹرکوں کو اکثر داخلے کی اجازت نہیں ملتی یا انہیں طویل تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرحد پر قطار میں کھڑے پہلے ٹرک کے ڈرائیور سے ان کی بات ہوئی، جس نے بتایا کہ وہ گزشتہ ۱۲؍ گھنٹوں سے زیادہ عرصے سے داخلے کا انتظار کررہا تھا۔ہیملٹن نے قریبی لاجسٹک مرکز کا دورہ کرتے ہوئے یہ بھی دیکھا کہ امدادی سامان کی کئی اہم اشیا کو غزہ بھیجنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ان کے مطابق ان اشیا میں سونے کے لیے استعمال ہونے والے سلیپنگ بیگ، ابتدائی طبی امداد کی کٹس، طبی آلات، وہیل چیئرز اور بچوں کے لیے فٹ بال بھی شامل تھے۔ انہوں نے اس صورت حال پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’مرزا پور: دی مووی‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد شویتا ترپاٹھی کی تھیٹر میں واپسی

رفح کے دورے کے بعد اپنے انسٹاگرام پیغام میں ہیملٹن نے غزہ کی صورت حال کو انسانی آزادی، تحفظ اور وقار کا مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ گزشتہ تین برسوں سے غزہ میں جاری تباہی اور فلسطینی عوام کی مشکلات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ کسی بھی انسان کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی کسی کی زندگی کو دوسروں کی زندگی سے کم اہم سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کئی میل تک پھیلی ہوئی دیواریں دیکھیں، جو ان کے بقول فلسطینیوں کو محدود رکھنے کے لیے بنائی گئی ہیں۔ ہیملٹن نے اس ماحول کو ایک کھلی جیل جیسا قرار دیا اور کہا کہ وہاں کھڑے ہوکر ان کے ذہن میں یہی خیال تھا کہ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے اندر کیسے پہنچا جائے۔انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ غزہ کے عوام کی تکالیف سے نظریں نہ چرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ دنیا فلسطینیوں کی مشکلات اور انسانی مصائب کی عادی ہوجائے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے دے۔ ان کے الفاظ میں، ’’کوئی بہانہ قابل قبول نہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:سولر سیلز کے معاملے میں واری انرجیز نے امریکہ میں غلطی تسلیم کرلی

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اس کی فوجی کارروائیوں کا ہدف حماس کے جنگجو ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے امدادی صورت حال کی خرابی کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرایا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ حماس اسلحہ چھوڑنے سے انکار کررہی ہے اور امدادی سامان کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی بدستور ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل معاہدے کے تحت طے شدہ روزانہ ۶۰۰؍ ٹرکوں کی کم از کم تعداد سے کافی کم رہی ہے۔ دوسری جانب سردیوں کی آمد کے ساتھ بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ لوئس ہیملٹن کھیلوں کے میدان میں اپنی کامیابیوں کے ساتھ انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۱ء میں ’مشن ۴۴‘  نامی فلاحی ادارہ قائم کیا تھا، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی فلسطین سمیت مختلف تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں امن اور انسانی حقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ہیملٹن کا رفح کا دورہ برازیلین گراں پری میں شرکت کے بعد ہوا، جہاں انہوں نے اپنے فارمولا ون کریئر کی ۴۰۰ویں ریس میں حصہ لیا۔ اس دورے اور ان کے تازہ بیان نے کھیلوں کی دنیا میں بھی غزہ کے انسانی بحران اور امدادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ لوئس ہیملٹن نے اپنے بیان کے ذریعے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ غزہ کے عوام کی مشکلات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور جنگ سے متاثرہ شہریوں تک خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ انسانی امداد کو سیاسی اور فوجی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے ضرورت مند افراد تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK