• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’لیورپول کا بحران محمد صلاح کی کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہوگا‘‘

Updated: December 22, 2025, 12:57 PM IST | Agency | Agadir, Morocco

کوچ حسام حسن نے کہا کہ اسٹار کھلاڑی کے حوصلے بلند ہیں اور مصر کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

Star football player Mohamed Salah. Picture: INN
اسٹار فٹبال کھلاڑی محمد صلاح۔ تصویر: آئی این این
مصر کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ حسام حسن نے افریقہ کپ آف نیشنز کے اہم معرکے سے قبل واضح کیا ہے کہ محمد صلاح لیورپول میں جاری حالیہ تنازعات اور اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے بالکل متاثر نہیں ہوئے اور وہ مکمل طور پر ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔صلاح ایک نئی توانائی کے ساتھ میدان میں ہیں۔
زمبابوے کیخلاف مصر کے افتتاحی میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسام حسن کا کہنا تھا’’صلاح کا حوصلہ ٹریننگ کے دوران انتہائی بلند ہے۔ وہ ایسے پُرجوش نظر آ رہے ہیں جیسے انہوں نے ابھی اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا ہو۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنے ملک کے لئے ایک بہترین ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔‘‘
یاد رہے کہ محمد صلاح لیورپول کے منیجر آرنے سلاٹ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے گزشتہ ۵؍ میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور انہوں نے لیڈز یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے بعد ایک انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ انہیں کلب کی ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ اس تنازع کے بعد ان کے جنوری میں سعودی پرو لیگ میں جانے کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں۔اس حوالے سے حسام حسن نے کہا’’میں اسے کوئی بڑا بحران نہیں سمجھتا۔ کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان ایسی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ میری ان سے ملاقات ہوئی ہے ان کی تمام تر توجہ صرف اس ٹورنامنٹ اور مصر کو فتح دلانے پر ہے۔
۳۳؍ سالہ محمد صلاح کی قیادت میں مصر کی ٹیم اپنا ریکارڈ آٹھواں افریقی  خطاب جیتنے کیلئے  میدان میں اترے گی۔ صلاح نے اب تک اپنے ملک کیلئے یہ ٹرافی نہیں جیتی اگرچہ وہ۲۰۱۷ء  اور ۲۲۲ء کے فائنلز میں پہنچے لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ مصر کی ٹیم اپنے گروپ میں زمبابوے کے علاوہ جنوبی افریقہ اور انگولا کا مقابلہ کرے گی۔ کوچ حسام حسن کا ماننا ہے کہ صلاح جب بھی کلب میں مشکل وقت سے گزرتے ہیں، وہ قومی ٹیم میں آ کر اپنا کھویا  فارم اور طاقت دوبارہ حاصل کر لیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK