Inquilab Logo

لوکا ناردی نے انڈین ویلز اوپن میں نوواک جوکووچ کو شکست دی

Updated: March 12, 2024, 8:54 PM IST | Indian Wells

میچ میں اطالوی ٹینس کھلاڑی ناردی نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی جوکووچ کو۴۔۶، ۶۔۳، ۳۔۶؍سے شکست دے کر اپنے کریئر کی سب سے بڑی جیت درج کی ہے

Novak Djokovic. Photo:INN
نوواک جوکووچ۔ (تصویر:آئی این این)

 اطالوی ٹینس کھلاڑی لوکا ناردی نے منگل کو انڈین ویلز اوپن میں سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس شکست کے ساتھ جوکووچ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔یہاں کھیلے گئے میچ میں اطالوی ٹینس کھلاڑی ناردی نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی جوکووچ کو۴۔۶، ۶۔۳، ۳۔۶؍سے شکست دے کر اپنے کریئر کی سب سے بڑی جیت درج کی ہے ۔
   ناردی نے پہلا سیٹ۴۔۶؍ سے جیت کر اچھی شروعات کی۔ جوکووچ نے مقابلہ کرتے ہوئے  ناردی کو دوسرے سیٹ  میں۳۔۶؍ سے شکست دی۔ اس کے بعد تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں اٹلی کے ناردی نے جوکووچ کو۳۔۶؍ سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔ناردی نے جیت کے بعد کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اس رات سے پہلے مجھے کوئی نہیں جانتا تھا ۔ مجھے امید ہے کہ ناظرین نے اس کھیل سے لطف لیا ہوگا ۔ میں اس سے بہت خوش ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ میں نہیں جانتا کہ مجھ میں ہمت کہاں سے آئی۔ میرے خیال میں یہ ایک کرشمہ  ہے۔ میں ۲۰؍ سال کانوجوان  ہوں، میں نوواک جوکووچ کو ہرانے والا دنیا کا۱۰۰؍ واں کھلاڑی ہوں، یہی جنون ہے۔
ناردی نے مین ڈرا میں عالمی نمبر۳۰؍ ٹامس مارٹن ہیویری کی جگہ لے لی اور پہلے راؤنڈ میں بائی حاصل کیا۔ ناردی ایک گرینڈ سلیم یا اے ٹی پی ماسٹرس ۱۰۰۰؍ سطح کے ٹورنامنٹ میں جوکووچ کو شکست دینے والے سب سے اعلیٰ درجے کے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل۲۰۰۸ء میں عالمی نمبر۱۲۲؍ کیون اینڈرسن نے میامی میں جوکووچ کو شکست دی تھی۔ ویمنز سنگلز میں کوکو گاف نے لوسیا برونزٹی کو سیدھے سیٹوں میں  شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں  جگہ بنائی۔ گاف، جو۲۰؍ سال کے ہوں گے، نے لوسیا کے خلاف۲۔۶، ۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں  نے۱۱؍ میں سے ۱۰؍ بریک پوائنٹس بچائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی امریکہ میں گاف کی جیت کا سلسلہ۱۸؍ تک پہنچ گیا ہے جس میں گزشتہ سال یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنا بھی شامل ہے۔ دو بار کی آسٹریلین اوپن چمپئن  اور دوسری سیڈ آرینا سبالینکا نے ایما راڈوکانو کو۳۔۶، ۵۔۷؍ سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
مردوں کے زمرے میں ۷؍ویں سیڈ ہولگر رونے نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے لورینزو موسیٹی کو۲۔۶، ۶۔۷؍ سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں داخل ہوئے۔ انہیں پہلے راؤنڈ میں بائی ملا اور دوسرے راؤنڈ میں انجری کے باعث میلوس راؤنک کے دستبردار ہونے کے بعد تیسرے راؤنڈ میں داخل ہوئے۔ گیل مونفلس نے ۳؍ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے میچ میں۲۰۲۱ء کے فاتح کیمرون نوری کو ۳؍ سیٹوں میں شکست دی جبکہ امریکی ٹیلر فرٹز اور ٹومی پال نے بھی  سیدھے سیٹوں  میں کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK