الیگزینڈر زویریو دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر کے ساتھ ایک اور بڑے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: May 03, 2026, 3:29 PM IST | Madrid
الیگزینڈر زویریو دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر کے ساتھ ایک اور بڑے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔
الیگزینڈر زویریو دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر کے ساتھ ایک اور بڑے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ جرمن کھلاڑی نے گزشتہ رات ۲۱؍ سالہ بلجیم کے کھلاڑی الیگزینڈر بلاکس کے خلاف ۲۔۶،۵۔۷؍سے پرسکون اور مستحکم جیت کے ساتھ میڈرڈ اوپن کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی اور اس ٹورنامنٹ میں اپنے شاندار ریکارڈ کو برقرار رکھا۔ اسپین کے دارالحکومت میں اپنی ۳۰؍ ویں جیت کے ساتھ، زویریو راجر فیڈرر اور رافیل ندال کے بعد تیسرے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جو میڈرڈ میں ۴؍ بار فائنل میں پہنچے ہیں۔زویریو نے جیت کے بعد کہا کہ ’’میں فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہوں۔ بہت سے سخت مقابلے ہوئے، خاص طور پر ٹورنامنٹ کے آغاز میں۔ میں یانک کے ساتھ پھر سے کھیلنے کا منتظر ہوں اور ایک سخت میچ کی امید کر رہا ہوں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: فیڈرر، ندال اور سنر کی کامیابی کی برابری کر کے زیوریو سیمی فائنل میں
دوسری سیڈ یافتہ کھلاڑی نے کوارٹر فائنل میں فلیویو کوبولی کو محض پانچ گیم گنوا کر ہرایا تھا اور اسی لے کو اپنے اگلے مقابلے میں بھی جاری رکھا۔ یہ مقابلہ پہلی بار ماسٹرز ۱۰۰۰؍سیمی فائنل میں پہنچنے والےالیگزینڈر بلاکس کے ساتھ تھا، جنہوں نے اپریل سے پہلے ٹور لیول پر کلے کورٹ پر کوئی میچ نہیں جیتا تھا۔
آغاز سے ہی زویریو نے اپنا دبدبہ بنایا۔ دوسری سیڈ یافتہ کھلاڑی نے جوش بھرے ماحول میں بلاکس کے خلاف زوردار شاٹس لگائے اور ساتھ ہی طویل عرصے تک چلنے والی ریلیوں میں بھی وہ زیادہ تسلسل دکھانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔ ایک گھنٹہ ۳۵؍منٹ کے بعد ۷؍ بار کے ماسٹرز ۱۰۰۰؍ چمپئن نے اس سیزن کا اپنا پہلا فائنل یقینی کرلیا اور سنر کے ساتھ ایک جانا پہچانا مقابلہ طے کر لیا۔
اتوار کا یہ مقابلہ زویریو اور سنر کے درمیان لگاتار پانچویں ماسٹرز ۱۰۰۰؍ مقابلہ ہے۔ اس اطالوی کھلاڑی نے اس سطح پر اپنے پچھلے چاروں مقابلے پیرس، انڈین ویلز، میامی اور مونٹے کارلو کے سیمی فائنل بغیر کوئی سیٹ گنوائے جیتے ہیں۔ اس سلسلے نے انہیں ورلڈ نمبرایک پر واپسی میں مدد کی ہے اور انہیں تاریخ رقم کرنے کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ سیریز کی تاریخ (۱۹۹۰ءسے) میں کسی بھی کھلاڑی نے لگاتار ۵؍ ماسٹرز ۱۰۰۰؍خطابات نہیں جیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: چیمپئن لیگ: ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور آرسنل کے درمیان مقابلہ ایک۔ ایک سے ڈرا
تاہم،زویریو میڈرڈ میں اپنے تجربے سے حوصلہ حاصل کریں گے جہاں وہ ۲؍ بار کے چمپئن ہیں۔ اس کے برعکس ۸؍ بار کے ماسٹرز ۱۰۰۰؍ چمپئن سنر ایک انجان علاقے میں پہنچ رہے ہیں۔ یہ اس اطالوی کھلاڑی کا کلے کورٹ ایونٹ میں پہلا فائنل ہے۔سنر کے بارے میں پوچھے جانے پر زویریو نے کہا کہ ’’وہ کافی پرسکون مزاج کا لڑکا ہے اور ابھی ٹینس کا لطف لے رہا ہے۔مجھے لگتا ہے کہ جس طرح سے وہ کھیل رہا ہے، اس کیلئے ٹینس ابھی بہت آسان ہے۔ شاید اتوار کو میں اس کیلئے اسے تھوڑا اور مشکل بنا دوں گا۔ پچھلے ۸؍بار میں زیادہ نہیں جیتا۔ وہ یقینی طور پر دنیا کا سب سے اچھا کھلاڑی ہے اور میں اسے سخت ٹکر دینے کی کوشش کروں گا۔‘‘