اس مرتبہ فرینچ اوپن کو نئی چمپئن ملنا طے، دونوں کھلاڑی پہلی بار فائنل میں پہنچی ہیں۔
EPAPER
Updated: June 06, 2026, 12:46 PM IST | Paris
اس مرتبہ فرینچ اوپن کو نئی چمپئن ملنا طے، دونوں کھلاڑی پہلی بار فائنل میں پہنچی ہیں۔
فرینچ اوپن میں اپنے پہلے گرینڈ سلیم خطاب کی طرف بڑھ رہی میرا آندریوا کی شاندار مہم مزید مضبوط ہو گئی، جبکہ کوالیفائر ماجا چوالنسکا نے پیرس میں ایک غیر متوقع فائنل مقابلہ طے کر لیا۔ دفاعی چمپئن کوکو گاف، ۴؍ بار کی فاتح ایگا سواتیک اور دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی آرینا سابالینکا جیسی مایہ ناز کھلاڑیوں کے ابتدائی راؤنڈ میں باہر ہونے سے نئے دعویداروں کے لئے راستہ کھل گیا ہے اور آندریوا اور چوالنسکا نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
۱۹؍ سالہ روسی کھلاڑی آندریوا نے سیاسی تناؤ سے گھرے سیمی فائنل میں یوکرین کی مارتا کوستیوک کو۶۔ ۶، ۱۔ ۶؍ سے ہرایا۔ اس کے بعد چوالنسکا نے ایک اور روسی کھلاڑی ڈیانا شنائیڈر کو ۶۔ ۷، ۴۔ ۶؍سے شکست دے کر اپنی شاندار مہم کو جاری رکھا۔ رولاں گیروں پہلے ہی یہ طے کر چکا تھا کہ اس بار خواتین کے زمرے کو نئی چمپئن ملے گی۔ اب سب کی نظریں سنیچر کو کورٹ فلپ شیٹریئر پر ہوں گی، جہاں یہ فیصلہ ہوگا کہ ان ۲؍کھلاڑیوں میں کون گرینڈ سلیم ٹرافی اٹھاتی ہیں۔
واضح رہے کہ فرینچ اوپن کی تاریخ میں ایک ایسا ناقابلِ یقین اور یادگار باب رقم ہوا ہے جس نے ٹینس کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ۲۴؍ سالہ غیر معروف ٹینس کھلاڑی ماجا چوالنسکا نے سیمی فائنل کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا کر تاریخ کی پہلی کوالیفائر فائنلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے: برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کی ۱۹۵۸ء ورلڈ کپ کی جرسی نیلامی کے لیے تیار
۲؍ گھنٹے اور ۱۰؍ منٹ تک جاری رہنے والے اس اعصاب شکن سیمی فائنل مقابلے میں ماجا چوالنسکا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲۵؍ویں سیڈ ڈائنا شنائیڈر کو سیدھے سیٹ میں شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔ ٹینس مبصرین کے مطابق، ماجا جب پیرس پہنچی تھیں تو ان کا واحد مقصد صرف کوالیفائنگ راؤنڈ پار کرنا تھا۔ وہ رولاں گیروں کے مین ڈرا میں اپنے پہلے ہی سال فائنل میں پہنچنے والی دنیا کی صرف تیسری خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل یہ کارنامہ ایوون گولاگونگ (۱۹۷۱ء) اورکرس ایورٹ (۱۹۷۳ء) نے انجام دیا تھا۔
پیرس آمد کے وقت ماجا چوالنسکا کی کریئر کی بہترین رینکنگ ۱۱۳؍ تھی لیکن اس شاندار کارکردگی کی بدولت اب وہ دنیا کی ٹاپ۔ ۲۰؍ کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے بالکل قریب پہنچ چکی ہیں۔ سنیچر کو ہونے والے فائنل میں ایک اور انوکھا منظر دیکھنے کو ملے گاکیونکہ ماجا کا سامنا ایک اور پہلی بار فائنل میں پہنچنے والی نوجوان کھلاڑی میرا ایندریوا سے ہوگا۔