• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوئیفا چمپئن لیگ میں مانچسٹر سٹی نے رئیل میڈرڈکو شکست دی

Updated: December 12, 2025, 1:39 PM IST | Agency | Madrid

سٹی نے میزبان ٹیم کو دوایک سے ہرایا، ارلنگ ہالینڈ اور اوریلی نے ایک ایک گول کیا،گھریلو میدان پر لگاتار دوسری شکست سے کوچ ژابی الونسو پر دباؤ بڑھ گیا۔

Manchester City`s Nico Aureli (No. 33) scored a goal against Real Madrid. Picture: INN
مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی نکو اوریلی(۳۳؍نمبر) نے ریئل میڈرڈ کے خلاف ایک گول کیا۔ تصویر:آئی این این
سینٹیاگو برنابیو میں رئیل میڈرڈ کو سیلٹا ویگو کے خلاف پچھلے میچ میں شکست ملنے کے بعد، کوچ ژابی الونسو کے مستقبل پر سوالات مزید تیز ہو گئے تھے۔ چمپئن لیگ میں مانچسٹر سٹی کے خلاف یہ میچ ان کیلئے ایک سخت امتحان سمجھا جا رہا تھا لیکن ہسپانوی کوچ ایک بار پھر ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ ہوم گراؤنڈ پر ابتدائی برتری حاصل کرنے کے باوجود، ریئل میڈرڈایک کے مقابلے ۲؍ گول سے ہار گیا، جبکہ مانچسٹر سٹی نے اس جیت کے ساتھ ٹاپ۔۴؍ میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔ ۶؍ میچوں میں مانچسٹر سٹی کی یہ چوتھی جیت ہے اور ۱۳؍ پوائنٹس کے ساتھ وہ ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیاہے۔ وہیں ریئل میڈرڈ ایک ڈرا اور دوسری ہار کے بعد ۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر پھسل گیا۔
اس میچ سے پہلے توجہ کیلیان ایمباپے اور ارلنگ ہالینڈ کے درمیان ممکنہ مقابلے پر مرکوز تھی لیکن انگلی اور پٹھوں کی چوٹ کی وجہ سے ایمباپے پورے میچ میں بینچ پر بیٹھے رہے۔ دوسری طرف ہالینڈ نے اپنے ۵۰؍ویں چمپئن لیگ میچ میں اپنا ۵۱؍واں گول کرتے ہوئے توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میچ کا آغاز ریئل میڈرڈ کے غلبے کے ساتھ ہوا۔ تیسرے منٹ میں انہیں پنالٹی ملی لیکن وی اے آر نے فیصلہ پلٹ دیا اور ٹیم کو صرف فری کک ملی، جسے سٹی کے دفاعی کھلاڑیوں نے روک دیا۔ ونیسیس جونیئر نے کئی بار جارحانہ کوششیں کیںلیکن گیند نیٹ تک نہیں پہنچ سکی۔۲۸؍ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ کو اُس وقت برتری ملی جب روڈریگو کا کراس نیٹ میں چلا گیا۔یہ ان کا ۳۲؍ میچوں میں پہلا گول تھا۔ تاہم، مانچسٹر سٹی نے صرف ۶؍ منٹ بعد برابری حاصل کر لی۔ ریان شیرکی کے کراس پر جوسکو ژیورڈیئر کے ہیڈر کو کرٹواس نے روک لیا، لیکن نکو اوریلی نے ریباؤنڈ پر پر گول کر دیا۔
۳۹؍ویں منٹ میں اینٹونیو روڈیگر نے باکس کے اندر ہالینڈ پر فاؤل کیا۔ وی اے آر نے اسے پنالٹی قرار دیا اور ہالینڈ نے شاندار شاٹ لگا کر سٹی کو برتری دلا دی۔ کرٹواس نے ہاف ٹائم سے پہلے لگاتار ۲؍شاندار دفاع کر کے ٹیم کو میچ میں بنائے رکھا۔ دوسرے ہاف میں ریئل میڈرڈ کے پاس برابری کے کئی مواقع تھے۔ ۵۰؍ویں منٹ میں روڈریگو کے پاس پر جوڈ بیلنگھم کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے چلا گیا۔ روڈریگو نے بھی ایک آسان موقع گنوا دیا-۶۲؍ویں منٹ میں کوٹواس نے پھر شاندار بچاؤ کیا اور ڈوکو کے خطرناک کرلنگ شاٹ کو انگلیوں سے باہر دھکیل دیا۔ ۸۰؍ویں منٹ میں ونیسیس جونیئر کا والی شاٹ بھی بار کے اوپر سے چلا گیا۔ پانچ منٹ بعد اینڈرک کا شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا اور میڈرڈ کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔ پورے میچ میں ریئل میڈرڈ نے ۱۶؍شاٹس لگائے، لیکن صرف ایک ہی ٹارگٹ پر تھا۔ اس کے برعکس سٹی کے ۱۲؍ میں سے۸؍ شاٹ ٹارگٹ پر رہے۔ کرٹواس کی وجہ سے ہی ہار کا فرق بڑھ نہیں پایا۔
دیگر میچوں میں،آرسنل نے کلب بروگے کے خلاف تین صفرسے جیت درج کر کے۶؍ میچوں میں ۱۸؍پوائنٹس کے ساتھ ۱۰۰؍ فیصدجیت کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ نانی مڈویک نے دونوں ہاف میں۲؍ گول کئے، جبکہ گیبریل مارٹینیلی نے ایک اور گول کا اضافہ کیا۔موجودہ چمپئن  پیرسن سینٹ جرمین(پی ایس جی) کو ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے ساتھ بغیر گول کے ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔نیو کاسل یونائیٹڈ نے برتری گنوا کر بائر لیورکوسن کے ساتھ ۲۔۲؍ سے ڈرا کھیلا۔ناپولی کو بینفیکا سے دوصفرسے شکست ملی، جبکہ جووینٹس نے پافوس پر دوصفر سے جیت حاصل کی۔بورسیا ڈارٹمنڈ اور بوڈو/گلمٹ  کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ ۲۔۲؍ گول کی برابری پر ختم ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK