Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانچسٹر یونائیٹڈ ایک لاکھ تماشائیوں کی گنجائش والا اسٹیڈیم بنائے گا

Updated: June 23, 2026, 7:05 PM IST | Manchester

انگلش پریمیئر لیگ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے مجوزہ ایک لاکھ نشستوں والے نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے درکار زمین کا بڑا حصہ حاصل کر لیا ہے۔

Manchester Club.Photo:X
مانچسٹر یونائٹیڈ۔ تصویر:ایکس

انگلش پریمیئر لیگ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ  نے اپنے مجوزہ ایک لاکھ نشستوں والے نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے درکار زمین کا بڑا حصہ حاصل کر لیا ہے۔کلب نے اعلان کیا کہ اس نے ۲۵؍ ایکڑ اراضی خرید لی ہے، جو موجودہ اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم کے شمال مغرب میں تقریباً ۳۵۰؍ میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔مانچسٹر یونائیٹڈ نے گزشتہ سال تقریباً ۲؍ ارب پاؤنڈ (۶۵ء۲؍ ارب امریکی ڈالر) لاگت سے نیا اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ تعمیر مکمل ہونے پر یہ برطانیہ کا سب سے بڑا فٹبال اسٹیڈیم ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ناک آؤٹ مرحلے میں میسی اور ارجنٹائنا کا سامنا کس سے ہو سکتا ہے؟


اولڈ ٹریفورڈ کی تاریخی اہمیت
اولڈ ٹریفورڈ ۱۹۱۰ء سے مانچسٹر یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ اس کی موجودہ گنجائش ۷۴؍ ہزار سے زائد تماشائیوں کی ہے۔اسٹیڈیم میں ۲۰۰۶ء کے بعد کوئی بڑی تزئین و آرائش نہیں کی گئی۔ حالیہ برسوں میں یہاں چھت سے پانی ٹپکنے، نکاسی آب کے مسائل اور چوہوں کی موجودگی جیسی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
نئے اسٹیڈیم منصوبے کی چیف ایگزیکٹیو کولیٹ روش  نے کہا’’اولڈ ٹریفورڈ کے اتنے قریب نیا اسٹیڈیم تعمیر کرنے سے ہم اپنے شائقین کی روایات، تاریخ اور ثقافت کو برقرار رکھ سکیں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ کلب ایسا عالمی معیار کا اسٹیڈیم بنانا چاہتا ہے جس میں ماحول، کم لاگت اور آسان رسائی کو ترجیح دی جائے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے  مالک جم ریٹکلف ، جن کے پاس کلب کے تقریباً ۲۹؍ فیصد حصص ہیں، کافی عرصے سے اولڈ ٹریفورڈ کی مرمت کے بجائے ایک بالکل نیا اسٹیڈیم بنانے کے حامی رہے ہیں۔کلب کے چیف ایگزیکٹیو عمر برادہ  نے پہلے خبردار کیا تھا کہ نئے اسٹیڈیم پر بھاری سرمایہ کاری کے باعث آئندہ چند برسوں میں کھلاڑیوں کی خریداری اور ٹیم کی مسابقتی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ویلکم ٹو دی جنگل: ۱۸؍ کٹ کے بعد سینسر بورڈ نے یو اے ۱۶؍ پلس سرٹیفکیٹ دیا


لیجنڈری کوچ سر الیکس فرگیوسن  کے دور کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ مسلسل کامیابیوں کو دُہرانے میں مشکلات کا شکار رہا ہے۔ تاہم مائیکل کیرک کی قیادت میں ٹیم نے حالیہ سیزن میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور دو سیزن بعد دوبارہ یوئیفا چیمپئن لیگ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔اگر منصوبہ طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل ہوا تو نیا اسٹیڈیم مانچسٹر یونائیٹڈ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ ہوگا اور فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین میدانوں میں شمار کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK