• Wed, 06 December, 2023
  • EPAPER

آج ہندوستانی اور لنکن شیروں کے درمیان مقابلہ

Updated: September 17, 2023, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi

ایشیا کپ کے فائنل میں روہت کی ٹیم سری لنکا کو اس کے ہی میدان پر روندنا چاہے گی۔داسن کی ٹیم بھی اپنے خطاب کے دفاع کیلئے کمر بستہ۔

Team India. Photo. INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این

ایشیا کپ۲۰۲۳ء کے فائنل میں ٹیم انڈیا کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ خطابی مقابلہ کولمبو کے آر پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کی نظریں ۸؍ ویں بار ایشیا کپ کا خطاب جیتنے پر ہوں گی۔ ساتھ ہی سری لنکا بھی اپنے خطاب کے دفاع کی پوری کوشش کرے گا۔
 سری لنکا کے خلاف خطابی مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کئی بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف آرام کے بعد وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ، محمد سراج، ہاردک پانڈیا جیسے اسٹار کھلاڑی ٹیم میں داخل ہوں گے۔ ساتھ ہی سوریہ کمار یادو، تلک ورما، محمدسمیع کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پلیئنگ الیون میں ۵؍ تبدیلیاں کی ہیں ۔
 اکشر پٹیل نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بلے بازی کی اور۳۸؍ گیندوں پر۴۲؍ رن کی زبردست اننگز کھیلی۔ اس اننگز کے دوران اکشر نے۳؍ چوکے اور ۲؍ فلک بوس چھکے لگائے تھے۔ اپنی اننگز کے دوران اکشر کچھ پریشانی میں نظر آئے اور لڑکھڑاتے ہوئے نظر آئے۔ اکشر کو ہیمسٹرنگ کے ساتھ دیگر کئی چوٹ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کیلئے ایشیا کپ۲۰۲۳ء کا فائنل کھیلنا مشکل ہے۔ بیٹنگ کے دوران گیند اکشر کے ہاتھ میں بہت تیزی سے لگی جس کے بعد وہ درد میں مبتلا دکھائی دیئے۔ 
 پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا۱۱؍ویں مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اتوار کوفائنل میں داسن شناکا کی کپتانی میں سری لنکا کا مقابلہ ہندوستانی ٹیم سے ہوگا۔ روہت کی ٹیم کو گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسے میں اس شکست کو بھول کر ٹیم انڈیا۸؍ ویں بار خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی تاہم فائنل میچ کے جوش میں بارش ایک بار پھر ویلن بن سکتی ہے۔
اتوار کو کولمبو میں بارش کا۸۰؍ فیصد امکان ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فائنل میں زبردست بارش ہوسکتی ہے۔ ایسے میں فائنل میں بھی بارش کی وجہ سے کھیل میں مسلسل خلل پڑ سکتا ہے۔ تاہم فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔ سپر۴؍ راؤنڈ میں بھی بارش نے کئی مضبوط میچوں کا مزہ خراب کر دیا تھا۔
کولمبو کے اس گراؤنڈ پر بلے بازوں کا غلبہ ہے۔ گیند بلے سے بہت اچھی طرح ٹکراتی ہے اور کسی کو رن بنانے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ تاہم، دوسری اننگز میں پچ یقینی طور پر تھوڑی سست ہو جاتی ہے۔ بلے بازوں کے ساتھ ساتھ پچ اسپنرس کی بھی بہت مدد کرتی ہے۔
کولمبو میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کا ریکارڈ مضبوط رہا ہے یعنی اس گراؤنڈ پر ہدف کا تعاقب کرنا بہت مشکل کام ہے۔ اس بار بھی ٹورنامنٹ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے ۵؍ میں سے ۴؍ میچوں میں فتح کا مزہ چکھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تعاقب کرنے والی ٹیم صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں ٹاس ٹائٹل میچ میں بھی بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK