Updated: November 28, 2025, 10:58 AM IST
|
Agency
| Paris
فرانسیسی کھلاڑی نے رئیل میڈرڈ کیلئے اولمپیاکوس کے خلاف ۴؍گول کئے، ایمباپے نے ۶؍ منٹ ۴۲؍ سیکنڈ کے وقفے میں تین گول کئے
کیلیان ایمباپے۔ تصویر:آئی این این
فرانسیسی اسٹار کیلیان ایمباپے نے اولمپیاکوس کے خلاف کھیلتےہوئے رئیل میڈرڈ کیلئے تیز ترین ہیٹ ٹرک بنائی۔ یونانی کلب اولمپیاکوس کے خلاف میچ کے دوران ایمباپے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔رئیل میڈرڈ نے یہ مقابلہ ۳۔۴؍سے جیت لیا اور یہ چاروں گول ایمباپے نے کئے۔اس دوران انہوںنے چمپئن لیگ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ہیٹ ٹرک بنائی۔انہوںنے پہلے ہاف کے ۲۲؍ویں، ۲۴؍ویں اور ۲۹؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے صرف۶؍ منٹ اور ۴۲؍ سیکنڈ کے مختصر وقفے میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔انہوں نےکھیل کے ۶۰؍منٹ میں بھی ایک گول کرتے ہوئے اپنے گول کی تعداد کو ۴؍تک پہنچایا۔ حالانکہاولمپیاکوس کے کھلاڑیوں نے بھی زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے۳؍گول کئے۔
دوسری تیز ترین ہیٹ ٹرک
فرانسیسی اسٹار کی یہ ہیٹ ٹرک ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دوسری سب سے تیز ترین ہیٹ ٹرک ہے جو ایمباپے کی تیزی اور کم وقت میں میچ کا رُخ بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ سب سے تیز ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ لیورپول کے محمد صلاح کے نام ہے۔۱۲؍اکتوبر۲۰۲۲ء کو مصری اسٹار محمد صلاح نے اسکاٹش ٹیم رینجرز کے خلاف متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اُترتے ہوئے۳؍ گول کئے تھے۔ انہوں نے ۷۶؍ویں، ۸۰؍ویں اور ۸۱؍ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک صرف ۶؍ منٹ اور ۱۲؍ سیکنڈ میں مکمل کی تھی۔
آرسنل اور پی ایس جی نے اپنے میچ جیت لئے
آرسنل نے ایک میچ میں بائرن میونخ کو شکست دے دی جبکہ پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) کی ٹیم نے اپنے پانچویں میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپور کی ٹیم کو۳-۵؍سے ہرا دیا ۔ یہ یوئیفا چیمپئن لیگ میں آرسنل کی مسلسل پانچویں جبکہ سینٹ پیرس جرمین کی چوتھی فتح ہے ۔ ای ایس پی این کے مطابق یوئیفا چیمپئن لیگ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
آرسنل نے بائرن میونخ کوہرایا
انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے ایمریٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں میزبان آرسنل اور بائرن میونخ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں آرسنل کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بائرن میونخ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے ہرا دیا۔
جورین ٹمبر ،نونی مادوکے اور گیبریل مارٹینیلی نے بالترتیب۲۲؍،۶۹؍ اور۷۷؍ ویں منٹ پر ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم آرسنل کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ آرسنل کی یوئیفا چیمپئن لیگ میں مسلسل پانچویں فتح ہے۔اس فتح کے بعد آرسنل کو مزید۳؍ قیمتی پوائنٹس بھی مل گئے ہیں جس کے بعد فاتح ٹیم کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد۱۵؍ ہوگئی ہے۔بائرن میونخ کی جانب سے واحد گول لینارٹ کارل نے میچ کے۳۲؍ ویں منٹ پرکیا تھا۔ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس کے پارک ڈیس پرنسزمیں کھیلے گئے میچ میں میزبان سینٹ پیرس جرمین اور ٹوٹنہم ہاٹسپرکی ٹیمیں نبرد آزما تھیں جس میں میزبان سینٹ پیرس جرمین کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وٹینہا کی ہیٹ ٹرک کی بدولت حریف ٹیم ٹوٹنہم ہاٹسپر کو۳؍کے مقابلے ۵؍ گول سے ہرا دیا۔ وٹینہا نے تین جبکہ فابیان روئز اور ولیان پچو نے ایک، ایک گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اداکیا۔ یوں اس فتح کے ساتھ ہی سینٹ پیرس جرمین کی ٹیم نے لیگ میں چوتھی فتح اپنے نام کرلی ہےاور وہ۱۲؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔