• Fri, 28 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسجد انتظامیہ کا راستے پر نماز ادا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ

Updated: November 28, 2025, 11:28 AM IST | Ismail Shad | Mumbai

دھولیہ کے مومن قبرستان مسجد میں جگہ بھر جانے پر لوگ راستے پر نماز ادا کرتے ہیں جس کی وجہ سے سڑک کا ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔

A board installed outside the mosque by the administration. Photo: Inqilaba
انتظامیہ کی جانب سے مسجد کے باہر لگایا گیا بورڈ۔ تصویر: انقلاب
دھولیہ شہر کے چالیس گائوں روڈ پر واقع مومن قبرستان کی مسجد میں جمعہ کو نماز کے دوران مسجد بھرجانے کے سبب کچھ لوگ   راستے پر نماز ادا کرتے ہیں اس کی وجہ سے  قبرستان کے سامنے کے سڑک پر ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ مومن قبرستان مسجد کے ذمہ داران نے بارہا راستے پر نماز پڑھنے سے منع کیا ہےاس کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔اب ٹرسٹیان نے  جمعہ کو  راستے پر نماز پڑھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
 اس ضمن میں مسجد کے خطیب و امام مولوی ہلال قاسمی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ’’ شہر میں الحمد اللّہ بھرپور مسجدیں قائم ہیں۔اپنے محلے کی مسجد میں نماز ادا کرنا افضل ہے۔قبرستان میں آکر نماز ادا کرنے پر بہت زیادہ ثواب ملے گا ایسا نہیں ہے۔ راستے پر نماز ادا کرنے والوں کو ذرا سنجیدگی سے سوچنا چاہئے کہ آپ جلد بازی میں راستے پر نماز پڑھنے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا ’’نماز صاف ستھری اور پاک جگہ پر ادا کی جاتی ہے۔قبرستان کے سامنے راستے پر چٹائی بچھی نہیں ہوتی ۔صفوں کے درمیان میں چپل جوتے رکھ کر نماز ادا کرتے ہیں کیا یہ صحیح ہے؟ آپ کی جمعہ کی نماز قبول ہوگی؟ 
مولوی ہلال قاسمی نے کہا کہ حالات کے پیش نظر قبرستان کے بجائے اپنے محلے کی مسجد میں نماز ادا کرنے کو ترجیح دی جائے۔ آپ کی ہٹ دھرمی آپ کی نادانی مصیبت کا سبب بن سکتی ہے۔ مولوی ہلال قاسمی نے والدین سے اپنے بچوں کو بھی جمعہ کی نماز کیلئے قبرستان نہ بھیجنے کی تاکید کی ہے۔انھوں نے کہا کہ نماز چھوٹنے کے بعد بچے برادران وطن کے علاقوں سے خوب شور شرابہ کرتے ہوئے گزرتے ہیں۔
 جمعہ کے دن قبرستان کے سامنے راستے پر ناشتے کی ٹھیلہ گاڑیاں لگانے والوں کے متعلق بھی برادران وطن سے طرح طرح کی باتیں سننے کو ملی ہیں۔مسلم نوجوان ،بچے قبرستان میں نماز پڑھنے آتے ہیں یا کھانےپینے آتے ہیں؟ شرپسند ، شر انگیزی کرنے کیلئے موقع ڈھونڈ رہے ہیں۔ اسلئے  آئند ہ ( اس جمعہ سے) اگرکسی نے راستے پر نماز پڑھی تو مسجد انتظامیہ خود اس کے خلاف شکایت درج کروائے گا اور پولیس کے حوالے کرنے پر مجبور ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK