ملزم نے اب تک آلۂ قتل کا پتہ نہیں بتایا،تفتیش میں عدم تعاون کا رویہ، وزیر تعلیم دادا بھسے کے بیٹے کا راستہ روکو آندولن۔
مالیگائوں کورٹ۔ تصویر:آئی این این
گزشتہ دنوں مالیگائوں کے ڈونگرالے گائوں میں ساڑھے ۳؍ سال کی بچی کے ساتھ پیش آئے جنسی زیادتی کے معاملے میں عدالت نے ملزم کو مزید ۴؍ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس معاملے میں وجے کھیرنار(۲۴) نامی کسنٹرکشن مزدور کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایڈوکیٹ سنجے سوناؤنے ( اسپیشل سرکاری وکیل برائے پوکسو کورٹ ) نے بتایا کہ ڈونگرالے عصمت دری وقتل معاملے میں ملزم وجے کھیرنار کی پولیس تحویل میں مزید چار دنوں کی توسیع کردی گئی ہے۔ پولیس نے تحویل توسیع کیلئے عریضہ پیش کرتے ہوئے یہ جواز رکھا تھا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ملزم کو پولیس تحویل میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ ملزم نے تفتیش کاروں کو اب تک یہ بھی نہیں بتایا ہے کہ اس نے قتل کا آلہ کہاں چھپا رکھا ہے یا پھینکا ہے۔ملزم کے قبضے سے قتل کیلئے استعمال ہونے والا آلہ حاصل کرنا ہے۔ مزید یہ کہ تفتیش کاروں کے ساتھ ملزم نے عدم تعاون کا سلسلہ روا رکھا ہے۔
وزیر تعلیم کے بیٹے کا احتجاج
اِدھر مالیگاؤں کورٹ میںملزم کی پیشی ہوئی اور اُدھر ریاستی وزیر تعلیم دادا بھسے کے بیٹے آوِشکار بھسے نے نیشنل ہائی وے کو روک کر احتجاج درج کروایا۔آوشکار نے کہا کہ ’’ میری بیٹی بھی ساڑھے ۳؍سال کی ہے۔ڈونگرالے میں پیش آئے معاملے سے ایک باپ کی حیثیت سے مَیں بھی مضطرب ہوں۔ایسی غیر انسانی کارروائیوں میں ملوث پائے جانے پر سخت قانونی اقدامات کئے جائیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ مالیگاؤں پولیس نے دورانِ احتجاج انہیں ایک خط پیش کیا جس میں ملزم کی پولیس تحویل میں توسیع کی تفصیلات درج ہیں اور یہ بھی باور کروایا گیا کہ جلد ہی اس مقدمے کو فاسٹ ٹریک کورٹ کے حوالے کردیا جائے گا تاکہ جلد از جلد اس کا فیصلہ آئے۔‘‘