دوسرا ٹیسٹ بنگلہ دیش نے اننگز اور ۱۰۶؍رن سے جیت لیا۔ مہدی حسن نے ۱۰۴؍ رن بنائے اور ۵؍وکٹ لئے۔ سیریز ۱۔۱؍ سے ڈرا رہی۔
EPAPER
Updated: May 01, 2025, 11:40 AM IST | Agency | Chittagong
دوسرا ٹیسٹ بنگلہ دیش نے اننگز اور ۱۰۶؍رن سے جیت لیا۔ مہدی حسن نے ۱۰۴؍ رن بنائے اور ۵؍وکٹ لئے۔ سیریز ۱۔۱؍ سے ڈرا رہی۔
مہدی حسن میراز (۱۰۴؍رن اور ۵؍ وکٹوں) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بدھ کو زمبابوے کو دوسری اننگز میں ۱۱۱؍ رن پر ڈھیر کر کے بدھ کو اننگز اور۱۰۶؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز۱۔۱؍ سے برابر کر دی ہے۔ مہدی حسن میراز کو ان کی شاندار کارکردگی پر `پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز سے نوازا گیا۔
دوسری اننگز میں زمبابوے کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے صرف ۸؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ برائن بینیٹ (۶؍رن) اور نک ویلچ (صفر) جلد آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں بلے بازوں کو تیج الاسلام نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد مہدی حسن میراز نے شان ولیمز (۷؍رن) کو آؤٹ کیا۔ کپتان کریگ ارون نے بین کرن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔۳۰؍ویں اوور میں میراز نے کریگ ارون (۲۵؍رن) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اسی اوور میں انہوں نے ویسلے مادھویرے (صفر) کو بھی آؤٹ کیا۔ اس کے بعد زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک بنگلہ دیشی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ ٹی تسیگا (صفر)، ویلنگٹن مساکدزا (۱۰؍رن) اور رچرڈ نگروا (۵؍رن) آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے بین کرن نے سب سے زیادہ۴۶؍ رن بنائے۔ زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں۴۶ء۲؍ اوورس میں۱۱۱؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے زمبابوے کو اننگز اور۱۰۶؍ رن سے شکست دے کر ۲؍ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے۲۱؍ اوورس میں ۳۲؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیج الاسلام نے ۱۶ء۲؍ اوورس میں ۴۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ نعیم حسن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے منگل کے اسکور سے ۷؍ وکٹ پر۲۹۱؍ رن پر اننگز دوبارہ شروع کی۔ بعد ازاں صبح کے سیشن میں ونسنٹ ماسیکیسا نے تیج الاسلام (۲۰؍رن) کو آؤٹ کر کے زمبابوے کو ۸؍ویں کامیابی دلائی۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے تنظیم حسن ثاقب نے مہدی حسن میراز کے ساتھ مل کر ۹؍ویں وکٹ کے لئے ۹۶؍ رن کی شاندار شراکت قائم کر کے بنگلہ دیش کو بڑی برتری دلانے میں مدد کی۔ اس دوران مہدی حسن میراز نے اپنی سنچری مکمل کی۔ ویسلے مادھویرے نے شکیب (۴۱؍رن ) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ بنگلہ دیش کا آخری وکٹ مہدی حسن میراز کی صورت میں گرا۔ مہدی حسن میراز نے ۱۶۲؍ گیندوں پر۱۱؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۱۰۴؍ رن کی سنچری اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم۱۲۹ء۲؍ اوورس میں۴۴۴؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں زمبابوے کی جانب سے بنائے جانے والے اسکور کی بنیاد پر۲۱۷؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزاربانی، ویلنگٹن مساکدزا، ویزلی مادھویرے اور برائن بینیٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ونسنٹ ماسیکیسا نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ قابل ذکر ہے کہ زمبابوے کی ٹیم نے پہلی اننگز میں۲۲۷؍ رن بنائے تھے۔