• Mon, 23 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس ۲۰۲۶ء کا اختتام ، ناروے کی حکمرانی برقرار

Updated: February 23, 2026, 7:01 PM IST | Milan

شمالی اٹلی کے تاریخی مقام ویرونا اولمپک ایرینا میں منعقدہ ایک پروقار اور سحر انگیز تقریب کے ساتھ میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس ۲۰۲۶ء باضابطہ طور پر ختم ہو گئے۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے ان سنسنی خیز مقابلوں کے اختتام پر اولمپک مشعل بجھا دی گئی اور پرچم اگلے میزبان ملک فرانس کے حوالے کر دیا گیا۔

Winter Olympics End.Photo:INN
سرمائی اولمپکس کا اختتام۔ تصویر:آئی این این

شمالی اٹلی کے تاریخی مقام ویرونا اولمپک ایرینا  میں منعقدہ ایک پروقار اور سحر انگیز تقریب کے ساتھ میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس  ۲۰۲۶ء باضابطہ طور پر ختم ہو گئے۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے ان سنسنی خیز مقابلوں کے اختتام پر اولمپک مشعل بجھا دی گئی اور پرچم اگلے میزبان ملک فرانس کے حوالے کر دیا گیا۔ قدیم اطالوی اوپرا اور فلمی موسیقی سے سجی اس تقریب میں اٹلی کی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے۔ تقریب میں اٹلی کے صدر سرجیو مٹاریلا، وزیراعظم جارجیا میلونی اور آئی او سی کی صدر کرسٹی کووینٹری سمیت عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اولمپک پرچم فرانسیسی وفد کے سپرد کیا گیا، جہاں  ۲۰۳۰ء کے سرمائی کھیل منعقد ہوں گے۔ ان کھیلوں میں ناروے نے مسلسل چوتھی بار میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنی بالادستی ثابت کر دی۔ کراس کنٹری اسکیئنگ کے اسٹار یوہانس ہوس فلوٹ کلیبو نے ۶؍ گولڈ میڈلز جیت کر میلہ لوٹ لیا۔  اٹلی نے ۱۰؍ گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی پیش کی۔برازیل نے اپنا پہلا سرمائی اولمپک گولڈ  جبکہ جارجیا نے پہلا سلور میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔


 آئی او سی کی صدر نے کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہا، تاہم یوکرینی کھلاڑی کی نااہلی اور روسی کھلاڑیوں کی غیر جانبدار حیثیت میں شرکت جیسے مسائل زیرِ بحث رہے۔  کرسٹی کووینٹری نے کھیلوں کے باضابطہ اختتام کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو امن کا سفیر قرار دیا اور۲۰۳۰ء میں فرانس میں ملنے کا عزم ظاہر کیا۔


امریکہ نے۴۶؍سال بعد مینز آئس ہاکی میں گولڈ میڈل جیت لیا
میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس  کے سب سے بڑے معرکے میں امریکہ نے اپنے روایتی حریف کنیڈا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ۱۔۲؍سے شکست دے کر ۴۶؍ سال بعد اولمپک گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔ ۱۹۸۰ءکے  بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی مردوں کی ٹیم نے اس کھیل میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ڈرگ کارٹل کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد میکسیکو میں فٹ بال میچز ملتوی

اس تاریخی فتح کے ہیرو جیک ہیوز رہے، جنہوں نے میچ کے دوران دانت ٹوٹنے کے باوجود اوور ٹائم میں فیصلہ کن گول کر کے اپنا نام تاریخ میں رقم کر دیا۔ میچ کا آغاز انتہائی سخت رہا جہاں میٹ بولڈی نے گول کر کے امریکہ کو سبقت دلائی، لیکن دوسرے پیریڈ کے اختتام پر کنیڈا کے کیل میکر نے مقابلہ برابر کر دیا۔ امریکی گول کیپر کونر ہیلے بک نے دیوار بن کر کنیڈا کے  ۴۰؍سے زائد شاٹس روکے اور میچ کو اوور ٹائم تک لے گئے۔ اوور ٹائم شروع ہونے کے محض  ایک منٹ  ۴۱؍ سیکنڈ بعد جیک ہیوز نے گولڈن گول  داغ کر امریکی کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل امریکی خواتین کی ٹیم نے بھی کنیڈاکو اسی اسکور (۱۔۲؍ اوور ٹائم) سے ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK