ایتھلیٹ آج پیرس میں پوڈیم تک پہنچ کر ۲؍ اولمپکس تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی ویٹ لفٹر بنناچاہیں گی۔
EPAPER
Updated: August 07, 2024, 1:37 PM IST | Agency | Paris
ایتھلیٹ آج پیرس میں پوڈیم تک پہنچ کر ۲؍ اولمپکس تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی ویٹ لفٹر بنناچاہیں گی۔
ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت کر کرنم ملیشوری کو پیچھے چھوڑنے والی میرابائی چانو کچھ وقت سے زخمی ہونے کے باوجود بدھ کو یہاں پیرس اولمپک کھیلوں میں پوڈیم تک پہنچ کر دو اولمپک تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی ویٹ لفٹر بننے کی کوشش کریں گی۔
میرابائی نے گزشتہ اولمپک کھیلوں کے پہلے ہی دن تمغہ جیت کر ہندوستان کا کھاتہ کھول دیا تھا اور سرخیوں میں بھی تھیں، اس کے بعد وہ چوٹ سے پریشان تھیں جس کی وجہ سے وہ پیرس اولمپکس کے لئے اچھی تیاری نہیں کر پائی تھیں۔ ٹوکیو اولمپکس کے بعد ان کی بہترین کارکردگی کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۲ء میں سامنے آئی جہاں انہوں نے۲۰۱؍ کلوگرام (۸۸؍ کلوگرام اور۱۱۳؍ کلوگرام) وزن اٹھایا۔
انہوں نے ٹوکیو میں ۲۰۲؍ کلوگرام (۸۷؍ کلوگرام اور۱۱۵؍ کلوگرام) وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ میرابائی اپنے پسندیدہ ۴۹؍ کلوگرام وزن کے زمرے میں شرکت کریں گی اور اگر وہ اپنی بہترین کارکردگی کو دُہرانے میں کامیاب رہتی ہیں تو وہ چاندی یا کانسہ کا تمغہ جیت سکتی ہیں۔ چین کی موجودہ اولمپکس چمپئن ہو زیہوئی اس وزن کے زمرے میں ایک بار پھر طلائی تمغے کی مضبوط دعویدار ہیں۔
میرابائی نے کولہے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی کی ہے لیکن ان کی فٹنیس کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ قومی کوچ وجے شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ منی پور کی کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہے۔ شرما نے کہاکہ `ہم جانتے ہیں کہ میرا بائی کو۲۰۰؍ کلو سے زیادہ وزن اٹھانا پڑے گا۔ اس بار ۲۰۲؍ کلوگرام میں ان کیلئے کوئی کٹوتی نہیں ہوگی لیکن انہیں ۲۰۵۔ ۲۰۶؍ کلوگرام تک وزن اٹھانا چاہیے۔ ہم چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ یہ کہنا آسان ہے لیکن کرنا مشکل ہے کیونکہ ویٹ لفٹر نے اپنے آخری چند مقابلوں میں جدوجہد کی ہے۔ میرا بائی، جو جمعرات کو۳۰؍ سال کی ہو جائیں گی، اپنے حریفوں کی کارکردگی پر نظر رکھیں گی، وہیں انہیں درپیش چیلنج پر بھی قابو پانا ہو گا۔ شمالی کوریا کی ایشین گیمز کی چمپئن اور عالمی ریکارڈ ہولڈر ری سونگ گم کی عدم موجودگی کے باوجود۴۹؍ کلوگرام زمرے میں مقابلہ بہت سخت ہے اور میرابائی جو گزشتہ ایک ماہ سے پیرس میں تیاری کر رہی ہیں، کو کسی بھی غلطی سے گریز کرنا ہو گا۔