• Tue, 02 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشیل اسٹارک نے ٹی۲۰؍ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

Updated: September 02, 2025, 4:00 PM IST | Sydney

آسٹریلیا کے نامور تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اسٹارک نے یہ فیصلہ اس لیے کیا تاکہ وہ اگلے سال کے آخر سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے ٹیسٹ شیڈول اور۲۰۲۷ء ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔

Mitchell Starc.Photo:INN
مشیل اسٹارک۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا کے نامور تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اسٹارک نے یہ فیصلہ اس لیے کیا تاکہ وہ اگلے سال کے آخر سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے ٹیسٹ شیڈول اور۲۰۲۷ء ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق۳۵؍ سالہ اسٹارک نے یہ فیصلہ اپنی توانائی  ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ پر مرکوز رکھنے کے لیے کیا ہے تاکہ وہ ان دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہیں۔
اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر مشیل اسٹارک نے کہا کہ’ ’ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ میری سب سے پہلی  ترجیح رہا ہے۔ میں نے آسٹریلیا کے لیے کھیلا ہر ٹی۲۰؍لمحہ انجوائے کیا، خاص طور پر۲۰۲۱ء کا ورلڈ کپ، نہ صرف اس لیے کہ ہم جیتے بلکہ ایک شاندار گروپ اور ٹورنامنٹ کے دوران ہر لمحے سے محظوظ ہوئے۔ 
اگلے برس۲۰۲۶ء سے آسٹریلیا کو ٹیسٹ کرکٹ میں سخت شیڈول کا سامنا ہوگا جس میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز، جنوبی افریقہ کا دورہ، نیوزی لینڈ کے خلاف ۴؍ میچوں کی سیریز، جنوری۲۰۲۷ء میں انڈیا میں ۵؍ ٹیسٹ میچ، ایم سی جی پر انگلینڈ کے خلاف۱۵۰؍ویں سالگرہ کا میچ اور پھر۲۰۲۷ء کے وسط میں ایشیز شامل ہیں۔  ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر۲۰۲۷ء میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا، جہاں آسٹریلیا دفاعی چمپئن  ہوگا۔
 اسٹارک گزشتہ سال ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹی ۲۰؍ میچ میں نظر نہیں آئے تھے اور اب انہوں نے باضابطہ طور پر اس فارمیٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ البتہ وہ دنیا بھر کی ڈومیسٹک ٹی  ۲۰؍ لیگز میں، خصوصاً انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں گے۔ 
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے موقع پر اسٹارک نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ ان کی پہلی ترجیح رہی ہے اور وہ اس فارمیٹ کو کرکٹ کی اصل پہچان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹی ۲۰؍ کریئر کے لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے لیے کھیلا گیا ہر میچ ان کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ۲۰۲۱ء کا ورلڈ کپ جیتنا ان کے کریئر کا یادگار سنگِ میل ہے۔ 
مشیل  اسٹارک کا ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کریئر قابلِ ذکر رہا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے۶۵؍ میچ  کھیلے اور۷۹؍ وکٹ حاصل کئے، جس میں کئی یادگار کارکردگیاں شامل ہیں۔ ان کا شمار دنیا کے خطرناک فاسٹ بولرس میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی تیز رفتار گیند بازی اور سوئنگ کے ذریعے کئی بڑے  بلے بازوں کو مشکلات میں ڈالا۔  تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹارک کا یہ فیصلہ آسٹریلیا کے لیے مستقبل میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچ میں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوگا جبکہ نوجوان بولرس کو ٹی ۲۰؍ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK