متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
EPAPER
Updated: September 03, 2025, 1:08 PM IST | Agency | Sharjah
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران محمد وسیم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ محمد وسیم نے ۵۴؍ٹی ۔۲۰؍ اننگز میں ۱۱۰؍ چھکے لگا کر روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، ہندوستانی کھلاڑی روہت شرما نے بحیثیت کپتان ۶۲؍اننگز میں ۱۰۵ چھکے لگائے تھے۔ واضح رہے کہ بطور کھلاڑی ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے ۱۵۹؍میچوں میں ۲۰۵؍چھکے لگائے۔
اس فہرست میں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے ۸۰؍میچوں میں ۱۷۶؍چھکے لگائے ہیں ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ۳۷؍گیندوں پر ۶۷؍ رنوں کی اننگز کھیلی تھی جس میں ۶؍ شاندار چھکے اور ۴؍ چوکے شامل تھے۔ اس فہرست میں انگلینڈ کے سابق کپتان ایان مورگن تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہ طویل عرصے سے اس نمبر پر ہیں اور اب بھی رہیں گے۔ انہوں نے بطور کپتان ٹی ۔۲۰؍نٹرنیشنل میں ۸۶؍چھکے لگائے ہیں۔ ایرون فنچ نے ٹی۔۲۰؍ میں آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان کے طور پر کل ۸۲؍ چھکے لگائے۔ وہ اس فارمیٹ میں بطور کپتان اپنے ملک کے لئے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں، جب کہ وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔