Inquilab Logo

آئی پی ا یل کے دوران کورونا وائر س کے ۲۰؍ ہزارسے زائد ٹیسٹ کئےجائیں گے

Updated: September 16, 2020, 10:22 AM IST | Agency | Dubai

لیگ میں حصہ لینے والی ۸؍ ٹیموں کے کم وبیش۲۰۰؍ کھلاڑی یو اے ای پہنچ چکےہیں،ان کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچنے پر ۶؍ دن قرنطینہ میں گزارے

IPL Matches Will Be Played In AbuDhabi,Dubai and Sharjah. Picture:INN
آئی پی ایل کے میچ ابو ظہبی،دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ تصویر: آئی این این

  انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)کی میڈیکل پارٹنر کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران کورونا وائرس کے۲۰؍ ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ آئی پی ایل رواں ہفتے۱۹؍ ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہورہی ہے۔یہ اس کا ۱۳؍واں ایڈیشن  ہے۔ہندوستان میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث رواں برس آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کیا جا رہا ہے۔آئی پی ایل میں حصہ لینے والی ۸؍ ٹیموں کے کم وبیش۲۰۰؍ کھلاڑی یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔ یو اے ای پہنچنے والے ان کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچنے پر ۶؍ دن قرنطینہ میں گزارے ۔ان تمام کھلاڑیوں کے یو اے ای پہنچنے پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔۲؍ دن بعد ان تمام کھلاڑیوں کےدوبارہ کوروناٹیسٹ  کئے گئے۔ دوسرے ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو ایک محفوظ ماحول میں منتقل کر دیا گیا۔اس طریقہ کار کا اطلاق آئی پی ایل کے دیگر اسٹاف، امپائرز، بی سی سی آئی کے حکام سمیت سب پر کیا گیا۔ گراؤنڈ میں موجود رہنے والے تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی’ `اے ایف پی‘  کے مطابق ابوظہبی میں آئی پی ایل کی میڈیکل پارٹنر `وی پی ایس ہیلتھ کیئر نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ اب تک ۳۵۰۰؍ کے قریب ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔وی پی ایس ہیلتھ کیئر کے ایک ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے دوران کورونا وائرس  کے۲۰؍ ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں شامل کھلاڑیوں اور حکام کو ان کی نقل و حرکت ہوٹل اور اسٹیڈیم تک محدود رکھنے کا سختی سے پابند کیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ آئی پی ایل میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے یو اے ای پہنچنے پر انتظامیہ کو اس وقت شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا جب چنئی سپر کنگز کے ۲؍ کھلاڑیوں اور عملے کے دیگر۱۱؍اراکین کے کوروناٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ چنئی سپر کنگز کے سینئر بلے باز سریش رائنا اور تجربہ کار بالر ہربھجن سنگھ ذاتی وجوہات کے باعث ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ ممبئی انڈینز کے کھلاڑی سری لنکا کے لستھ ملنگا اور دہلی کیپٹلز کے کھلاڑی انگلینڈ کے جیسن روئے بھی ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ٹورنامنٹ کا آغاز ممبئی انڈینس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ابوظہبی میں میچ سے ہو گا۔ ٹورنامنٹ کے۲۰؍ میچ ابوظہبی،۲۴؍ دبئی اور۱۲؍ مقابلے شارجہ میں ہوں گے۔ مجموعی طور پر یہ ایونٹ۴۵؍ دن تک جاری رہے گا۔یہ آئی پی ایل کا۱۳؍ واں سیزن ہے جو رواں سال مارچ میں منعقد ہونا تھا لیکن وبائی مرض کی وجہ سے اسے بار بار ملتوی کیا گیا تھا۔آئی پی ایل، بی سی سی آئی کے لیے کمائی کا سب سے بڑا ذریعہبن چکا ہے۔ اگر رواں سال یہ ایونٹ منسوخ ہو جاتا تو بورڈ کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK