Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکا میں تیز گیندبازوں کو مختصر اسپیل اور ریورس سوئنگ پر توجہ دینے کی ضرورت: مورکیل

Updated: August 14, 2026, 12:46 PM IST | Agency | Colombo

ہندوستان کے بولنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستانی تیز گیندبازوں کو مختصر اور جارحانہ اسپیل کرنے، گیند کو سختی سے پچ کرانے، کریز کا بھرپور استعمال کرنے اور ریورس سوئنگ حاصل کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔

Team India bowlers from left: Mohammed Siraj, Aaqib Nabi, and Gurnoor Brar. Picture: PTI
ٹیم انڈیا کے گیندباز بائیں سے: محمد سراج، عاقب نبی اور گرنور برار۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان کے بولنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستانی تیز گیندبازوں کو مختصر اور جارحانہ اسپیل کرنے، گیند کو سختی سے پچ کرانے، کریز کا بھرپور استعمال کرنے اور ریورس سوئنگ حاصل کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔ سری لنکا میں عموماً اسپن گیندبازوں کو اہم ہتھیار سمجھا جاتا ہے، تاہم خاص طور پر گال میں تیز گیندباز بھی میچ کا رخ بدلنے والے اسپیل کر سکتے ہیں۔ مورکل خود سری لنکا میں ۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۲؍وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جن میں ۲۰۱۴ء میں گال ٹیسٹ میں حاصل کی گئی ۷؍ وکٹیں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دو ممالک کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز پر بحران آسکتا ہے: جونٹی روڈز

اس دورے پر ہندوستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک نسبتاً ناتجربہ کار ہے۔ محمد سراج کے علاوہ پرسدھ کرشنا، گرنور برار اور عاقب نبی ٹیم میں شامل ہیں۔ کرشنا نے اب تک ۷؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ برار اور نبی نے ابھی ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا ہے۔ برار رواں سال کے آغاز میں انڈیا’اے‘ کی جانب سے سری لنکا میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔مورکل نے کہا کہ سری لنکا میں گرمی، نمی اور کوکابورا گیند کا جلد نرم ہوجانا تیز گیندبازوں کے لئے بڑا چیلنج ہوگا۔ ان کے مطابق گیند تقریباً ۲۵؍ سے ۳۰؍ اوور کے بعد نرم ہوسکتی ہے، اس لئے گیندبازوں کو مختصر اسپیل میں پوری توانائی کے ساتھ درست جگہ پر گیند کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: زدران اور اٹل کی سنچریوں سے افغانستان نے سیریز جیت لی

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو شدت کے ساتھ مسلسل اوورز کراتے ہوئے دباؤ بنانا ہوگا۔ گیند نرم ہونے کے بعد تیز گیندبازوں کو کریز اور شارٹ بال کا ہوشیاری سے استعمال کرنا ہوگا۔ گال میں میچ آگے بڑھنے کے ساتھ ناہموار باؤنس بھی تیز گیندبازوں کےلئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔مورکل نے ریورس سوئنگ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ گال میں سمندری ہوا کی وجہ سے پچ کے اطراف کی سطح میچ کے دوران خشک ہوتی جاتی ہے، جس سے اننگز کے آخری مرحلے میں ریورس سوئنگ کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔ تاہم بارش کے بعد آؤٹ فیلڈ نرم ہونے سے گیند کے ریورس ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK