Inquilab Logo

ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا دوسرے راؤنڈ میں داخل

Updated: March 14, 2024, 1:14 PM IST | Paris

ہندوستانی جوڑی کی چینی تائپے کے منگ چی لگ اور تانگ کائی وی پر فتح۔ اورلینس ماسٹرس میں پیشقدمی۔

Indian players MR Arjun and Dhruv Kapila. Photo: PTI
ہندوستانی کھلاڑی ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا۔ تصویر: پی ٹی آئی

ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا کی ہندوستانی جوڑی چینی تائپے کے منگ چی لگ اور تانگ کائی وی کو شکست دے کر اورلینس ماسٹرس ۲۰۲۴ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مردوں کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہے۔ منگل کو فرانس میں کھیلے گئے بی ڈبلیو ایف سپر ۳۰۰؍ ٹورنامنٹ میں پانچویں سیڈ ہندوستانی جوڑی نے چائنیز تائپے کے منگ چی لو اور تانگ کائی وی کو صرف ۲۹؍ منٹ میں ۱۳۔ ۲۱، ۱۲۔ ۲۱؍ سے شکست دے کر راؤنڈ آف ۱۶؍ میں داخلہ حاصل کیا۔ 
میچ کے بعد دھرو کپیلا نے کہاکہ مضبوط جوڑی کو شکست دے کر اچھا محسوس ہورہا ہے۔ لیکن ہم یہیں پر انہیں رکیں گے اور اگلے راؤنڈ کی تیاری میں مصروف ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ٹورنامنٹ آسان نہیں ہے تاہم اس میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ ایم آر ارجن نے کہاکہ ہماری جوڑی اچھی کارکردگی پیش کررہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلا راؤنڈ بھی ہمارے نام رہے گا۔ ہم دونوں کے درمیان اچھا تال میل ہے اور ہم بہت محنت کررہے ہیں۔ 
کرشنا پرساد گارگا اور سائی پرتیک کی دوسری ہندوستانی مرد ڈبلز جوڑی بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی۔ ہندوستانی جوڑی نے میچ میں بلغاریہ کے ایوان روسیف اور ایلیان اسٹوئانوف کو ۱۰۔ ۲۱، ۱۸۔ ۲۱؍ سے شکست دی۔ 
خواتین کے ڈبلز میں ہندوستان کی پریا کونجینگ بام اور شروتی مشرا راؤنڈ آف ۳۲؍ میں چائنیز تائپے کی سو ین ہوئی اور لن زیہ یون سے ۱۳۔ ۲۱، ۱۳۔ ۲۱؍سے ہار کر باہر ہو گئیں۔ سمرن سنگھی اور ریتیکا کو بھی میلیسا ٹریاس پسپیتاسری اور ریچل الیسا روز کی چھٹی سیڈ انڈونیشیا کی جوڑی سے ۹۔ ۲۱، ۲۰۔ ۲۲؍ سے شکست ہوئی۔ 
اس دوران انوپما اپادھیائے خواتین کے سنگلز کے مین ڈرا میں پہنچ گئیں۔ ۸۶؍ ویں رینک کی انوپما نے کوالیفائر کے پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیا کی۹۳؍ ویں رینک کی ٹفنی ہو کو۹۔ ۲۱، ۱۰۔ ۲۱؍ سے شکست دی اور دوسرے راؤنڈ میں یوگانڈا کی حسینا کوبوگابے کو۱۶۔ ۲۱، ۶۔ ۲۱؍ سے شکست دی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کا مقابلہ ۳۲؍ویں راؤنڈ میں بلغاریہ کی کالویانا نالبنٹووا سے ہوگا۔ تاہم، عالمی نمبر۶۴؍ سمیر ورما مردوں کے سنگلز مین ڈرا سے ایک قدم پیچھے رہے۔ پہلے کوالیفائر میں اسپین کے لوئس اینریک پیالور کیخلاف طویل مقابلے کے بعد۲۳۔ ۲۵، ۲۱۔ ۱۶، ۱۳۔ ۲۱؍ سے جیتنے کے بعد ورما کو دوسرے راؤنڈ میں قزاخستان کے دمتری پنارین سے ۱۷۔ ۲۱، ۱۰۔ ۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
چراغ سین اور میرابا لوانگ میسنام دونوں مردوں کے سنگلز میں اپنے ابتدائی کوالیفائر ہار گئے۔ کیورا موپتی کو خواتین کے سنگلز ایونٹ کے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نوجوان کھلاڑی مالویکا بنسوڈ اور کرن جارج بدھ کو سنگلز مہم کا آغاز کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK