• Mon, 20 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی سید مشتاق علی ٹرافی کے فائنل میں داخل

Updated: December 14, 2024, 12:44 PM IST | Agency | Bengaluru

سیمی فائنل میں ممبئی نے بڑودہ کو ۶؍وکٹ سے شکست دی۔ رہانے کی نصف سنچری۔

Captain Ajinkya Rahane. Photo: INN
کپتان اجنکیارہانے۔ تصویر: آئی این این

اجنکیا رہانے(۹۸؍رن) اور کپتان شریاس ایّر (۴۶) کی طوفانی اننگز کی بدولت ممبئی نے جمعہ کو پہلے سیمی فائنل میں بڑودہ کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے کر  سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ 
بڑودہ کے ۱۵۸؍ رن کے جواب میں ممبئی کا  پہلا وکٹ پرتھوی شا (۸؍رن) کی صورت میں گرا۔ شا کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ اس وقت ممبئی کا اسکور صرف۳۰؍ رن تھا۔ ممبئی فتح کی طرف بڑھ رہا تھا اور اتیت شیٹھ نے۱۳؍ویں اوور میں کپتان شریاس ایّر کو آؤٹ کرکے بڑودہ کو دوسری کامیابی دلائی۔ شریاس ایّر نے۳۰؍ گیندوں پر۴۶؍ رن کی اننگز کھیلی، جس میں ۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے شامل تھے۔ اجنکیا رہانے نے ۵۶؍ گیندوں پر۱۱؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے۹۸؍ رن بنائے۔ رہانے کو ۱۷؍ویں اوور میں ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت نے آؤٹ کیا۔ سوریہ کمار یادو ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ممبئی نے۱۷ء۲؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۱۶۴؍ رن بناکر ۶؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ سوریانش شیگڑے نے۱۷؍ویں اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر ممبئی کو فتح دلائی۔ بڑودہ کی طرف سے ہاردک پانڈیا، اتیت شیٹھ، ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت اور شاشوت راوت نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے جمعہ کو  ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بڑودہ کی جانب سے بلے بازی کے لیے آنے والے شاشوت راوت اور ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے ابھی ۲۳؍رن جوڑے تھے کہ موہت اوستھی نے تیسرے اوور میں ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت (۹؍رن) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ بڑودہ کا اگلا وکٹ کپتان کرونال پانڈیا(۳۰)کی صورت میں گرا۔ بھانو پونیا ۲، ہاردک پانڈیا ۵، وشنو سولنکی ۶؍ اور اتیت شیٹھ ۱۴؍ گیندوں پر۲۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شیوالک شرما نے۲۴؍ گیندوں میں ۲؍ چوکے اور۲؍ چھکے لگاکر ناٹ آؤٹ ۳۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ مہیش پیتھیا ۶؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بڑودہ نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ  پر۱۵۸؍ رن بنائے۔
ممبئی کی جانب سے سوریانش شیگڑے نے ۲؍ وکٹ لیے۔ موہت اوستھی، شاردُل ٹھاکر، شیوم دوبے، تنوش کوٹیان اور اتھروا انکولیکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK