Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی انڈینز نے کولکاتا کو ۶؍ وکٹوں سے پٹخنی دی

Updated: March 30, 2026, 3:16 PM IST | Mumbai

ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کی تاریخ کا اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے۱۳؍ سال بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اتوار کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں میزبان ٹیم نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Shardul Thakur.Photo:X
شاردل ٹھاکر۔ تصویر:ایکس

ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کی تاریخ کا اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے۱۳؍ سال بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اتوار کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں میزبان ٹیم نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کے کے آر نے ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۲۰؍ رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا  تھا۔ تاہم، ممبئی انڈینز نے شاندار تعاقب کرتے ہوئے ۱ء۱۹؍اوورز میں صرف  ۴؍وکٹ گنوا ۲۲۴؍رن بناکر ہدف حاصل کر لیا۔ممبئی کی جانب سے سلامی بلے باز روہت شرما نے ۷۸؍ رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ نوجوان کھلاڑی ریان ریکلٹن نے۸۱؍ رنز بنا کر جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کے کے آر کی جانب سے ویبھو اروڑہ، سنیل نارائن اور کارتک تیاگی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔


رائن ریکلٹن اور روہت شرما کی سلامی جوڑی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے ۱۴۸؍ رنز جوڑ کر ممبئی انڈینز کو شاندار آغاز  کیا۔۱۲؍ویں اوور میں ویبھو اروڑہ نے روہت شرما کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ روہت شرما نے۳۸؍ گیندوں میں چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ۷۸؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ۱۵؍ویں اوور میں کارتک تیاگی نے سوریا کمار یادو (۱۶) کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں رائن ریکلٹن براہ راست تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ریکلٹن نے۴۳؍ گیندوں میں چار چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے۸۱؍ رنز بنائے۔ ۱۹؍ویں اوور میں تلک ورما ۱۴؍ گیندوں میں ۲۰؍ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ممبئی انڈینز نے ۱ء۱۹؍ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ۲۲۴؍ رنز بنا کر مقابلہ چھ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ کپتان ہاردک پانڈیا۱۱؍ گیندوں میں ۱۸؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھئے:اپارشکتی کھرانا کا نیا گانا ’’تیرے پیچھے‘‘ ریلیز، مہیما مکوانا کے ساتھ نظرآئے


اس سے قبل اجنکیا رہانے (۶۷)، انگکرش رگھوونشی (۵۱) اور فن ایلن (۳۷) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ممبئی انڈینز کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر۲۲۰؍ رن کا مضبوط اسکور بنایا تھا۔اتوار کی رات ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اترنے والی کے کے آر کی سلامی جوڑی، کپتان اجنکیا رہانے اور فن ایلن نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے ۶۹؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں شاردل ٹھاکر نے فن ایلن کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ فن ایلن نے محض۱۷؍ گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۳۷؍ رنز بنائے۔ نویں اوور میں شاردول نے کیمرون گرین (۱۸؍رن) کو اپنا شکار بنایا، جبکہ ۱۴؍ویں اوور میں انہوں نے ہی اجنکیا رہانے کو آؤٹ کر کے کے کے آر کو تیسرا جھٹکا دیا۔ رہانے نے ۴۰؍ گیندوں میں تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ۶۷؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان جانیوالے مزید ۲؍ ایل پی جی ٹینکرز بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزر گئے


۱۹؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے انگکرش رگھوونشی کو کیچ آؤٹ کرایا۔ رگھوونشی نے ۲۹؍ گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۵۱؍ رنز بنائے۔ کے کے آر نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں چار وکٹوں پر ۲۲۰؍ رنز بنائے۔ رنکو سنگھ ۲۱؍ گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے ۳۳؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK