ترک وزیر خارجہ نے غزہ کی تعمیر نوکیلئے مشترکہ اقدام پر زور دیا، فلسطین کو سب سے اہم اخلاقی رہنما ا صول قراردیا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 10:47 AM IST | Ankara
ترک وزیر خارجہ نے غزہ کی تعمیر نوکیلئے مشترکہ اقدام پر زور دیا، فلسطین کو سب سے اہم اخلاقی رہنما ا صول قراردیا۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے فلسطین کو ’ہمارا سب سے اہم اخلاقی رہنما اصول ‘قرار دیا اور غزہ میں امداد پہنچانے اور اس کی تعمیر نو کیلئے مشترکہ اقدام پر زور دیا۔ استنبول میں الشرق فورم۲۰۲۶ءکے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ دنیا کی آبادی کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ رکھنے والے ممالک کے پاس اب ان فیصلوں پر اثر انداز ہونے کا موقع ہے جو دہائیوں سے زیادہ تر کہیں اور طے کیے جاتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’آج ہم جو فیصلے کریں گے وہ مسلم دنیا کے مستقبل کی تشکیل میں فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔‘‘ انہوں نے بالخصوص مشرق میں سیاسی، معاشی اور تکنیکی طاقت کے نئے مر اکز کے ابھرنے کی طرف اشارہ کیا ۔فیدان کے مطابق ترکی نے ’’غزہ میں نسل کشی اور مغربی کنارے میں آباد کاروں کی دہشت گردی‘ کے خلاف موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں تک انسانی امداد پہنچانے اور غزہ کی تعمیر نو میں پیش پیش رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ منصفانہ اور دیرپا امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو اور مشرقی القدس اس کا دارالحکومت ہو ۔ فیدان نے کہا کہ جو ممالک کسی فیصلے کے نتائج بھگتتے ہیں، فیصلہ سازی میں پہل بھی انہی کو کرنی چاہیے۔ اس اصول کی عملی مثال کے طور پر انہوں نے ترکی، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قائم ہونے والے مکہ معاہدہ کا حوالہ دیا جس کے نمائندوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔فیدان کے مطابق اس اتحاد میں ہر ملک اپنی مختلف صلاحیتیں اور تجربہ لے کر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے اتحاد اپنے ادارے تشکیل دے گا، خطے کے دیگر ممالک کے بھی اس میں شامل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے علاقائی کواڈ کا بھی ذکر کیا، جس میں ترکیہ، مصر، پاکستان اور سعودی عرب شامل ہیں اور جو خطے کے بحران پر مشترکہ ردِعمل تلاش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔