Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگلزمین کی جرمن ٹیم کو ایکواڈور کے خلاف شکست سے سبق سیکھنے کی تاکید

Updated: June 26, 2026, 8:06 PM IST | New York

جرمنی کے ہیڈ کوچ جولین ناگلزمین نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے اپنے آخری گروپ میچ میں ایکواڈور کے ہاتھوں ۱۔۲؍گول سے ملنے والی شکست کے بعد اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ میدان میں مزید صبر اور کنٹرول کا مظاہرہ کریں۔

German Coach.Photo:X
جرمن کوچ۔ تصویر:ایکس

 جرمنی کے ہیڈ کوچ جولین ناگلزمین نے فیفا ورلڈ کپ  ۲۰۲۶ء کے اپنے آخری گروپ میچ میں ایکواڈور کے ہاتھوں ۱۔۲؍گول  سے ملنے والی شکست کے بعد اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ میدان میں مزید صبر اور کنٹرول کا مظاہرہ کریں۔ناگلزمین نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ایکواڈور اس جیت کا حقدار تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی نے شروعات تو بہت اچھی کی تھی لیکن کھیل جیسے جیسے آگے بڑھا، ٹیم اپنا توازن اور اسٹرکچر کھوتی چلی گئی۔ انہوں نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا’’میچ میں برتری حاصل کرنے کے بعد، ہم نے کھیل پر سے اپنا کنٹرول تھوڑا کھو دیا۔ جب آپ کسی میچ کا آغاز اچھے انداز میں کرتے ہیں اور آگے نکل جاتے ہیں، تو آپ کو صبر کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، جگہ بنانی ہوتی ہے اور پھر جیسے ہی موقع ملے، اپنی رفتار بڑھانی ہوتی ہے۔‘‘
جرمن کوچ نے مزید کہا کہ میدان پر کھلاڑیوں کی جانب سے پوزیشنز کی ضرورت سے زیادہ تبدیلیوں نے ایکواڈور کے لیے دباؤ بنانا آسان کر دیا، جس کی وجہ سے گیند کا کنٹرول چھنتے ہی ہماری ٹیم دفاعی طور پر کمزور پڑ گئی۔ انہوں نے کہا’’خود اعتمادی کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ پوزیشنز میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنے لگیں۔ ہمیں اپنے کھیل کی شروعات  میں زیادہ استحکام لانے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب رہے، تو حریف ٹیموں کے لیے ہمیں ہرانا بہت مشکل ہو جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:سنی دیول اور اکشے کھنہ کا ’اکّا‘ میں ایک ساتھ آنا، واقعی خدا کا منصوبہ ہے: سِدھارتھ


ژنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق، ناگلزمین نے ایکواڈور کے کھلاڑیوں کی  فزیکل اسٹرینتھ کی بھی تعریف کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ جرمن ٹیم گیند کو تیزی سے پاس کر کے اور اپنی پوزیشننگ کو بہتر بنا کر اس چیلنج سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹ سکتی تھی۔ اس شکست کے باوجود، جرمنی کی ٹیم پہلے ہی گروپ ای میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ ناگلزمین نے اس بات پر اصرار کیا کہ اس نتیجے سے پیر کے روز بوسٹن میں ہونے والے راؤنڈ آف ۳۲؍ کے اہم میچ سے قبل ٹیم کے اعتماد کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ : پیپے نے ٹیم ورک کو کامیابی کا راز قرار دیا


انہوں نے کہا’’شکست کبھی بھی اچھی نہیں ہوتی، چاہے آپ گروپ میں اپنا پہلا مقام کھونے سے محفوظ ہی کیوں نہ ہوں۔ ہمیں اس سے سبق سیکھنا ہوگا اور اپنے کھیل میں سدھار لانا ہوگا، لیکن ساتھ ہی ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہے۔ ہم نے بہت سے میچ جیتے ہیں اور صرف ایک ہارا ہے۔ ہم یہاں سے اپنا بوریا بستر گول کر کے گھر واپس نہیں جا رہے، بلکہ ہم پیر کے روز فتح حاصل کرنے کے لیے بوسٹن پرواز کر رہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK