Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیرج چوپڑا کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا، لنکا کے رومیش نے گولڈ میڈل جیتا

Updated: August 23, 2026, 2:18 PM IST | Lausanne

ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے لوزان ڈائمنڈ لیگ ۲۰۲۶ء میں سیزن کی اپنی بہترین ۸۸ء۰۵؍میٹر کی تھرو کی، لیکن وہ سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیراگے کو صرف ۹؍ سینٹی میٹر سے پیچھے رہ کر دوسرے مقام پر رہے۔

Neeraj Chopra won the silver medal with a brilliant performance. Photo: PTI
نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیت لیا۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے لوزان ڈائمنڈ لیگ ۲۰۲۶ء میں سیزن کی اپنی بہترین ۸۸ء۰۵؍میٹر کی تھرو کی، لیکن وہ سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیراگے کو صرف ۹؍ سینٹی میٹر سے پیچھے رہ کر دوسرے مقام پر رہے۔ تھارنگا نے ۸۸ء۱۴؍میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی کامیابی حاصل کی جبکہ غرناطہ کے اینڈرسن پیٹرز ۸۶ء۶۹؍میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ 
نیرج نے کہا کہ مقابلہ انتہائی سخت تھا اور وہ ۸۸؍میٹر کی تھرو سے خوش ہیں۔ ان کے مطابق ہر مقابلے کے ساتھ انہیں محسوس ہورہا ہے کہ وہ اپنی مکمل فارم میں واپس آرہے ہیں۔ میں اپنی جانب سے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ جلد اپنے بہترین فارم کو حاصل کر لوں گا۔ انہوں نے سری لنکا کے جیولین تھرو ایتھلیٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھا کر رہے ہیں۔ ان سے مقابلے میں مزہ آتا ہے۔ 
تھارنگا نے اس سیزن میں اپنی تیسری ڈائمنڈ لیگ جیت حاصل کی۔ اس سے قبل وہ دوحہ اور روم میں بھی خطاب جیت چکے ہیں۔ روم ڈائمنڈ لیگ میں ان کی ۹۲ء۶۲؍میٹر کی تھرو اب بھی سیزن کی عالمی بہترین کارکردگی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فائنل میچ پر فیفا کا ایکشن، ارجنٹائنا کے کھلاڑی معطل، فٹبال اسوسی ایشن پر جرمانہ

مقابلے میں نیرج چوپڑا نے پہلے ۸۳ء۵۴؍میٹر کی تھرو سے آغاز کیا۔ دوسری کوشش میں انہوں نے ۸۸ء۰۵؍میٹر کی تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی لیکن تھارنگا نے ۸۸ء۱۴؍میٹر کی کوشش کرکے دوبارہ سبقت حاصل کرلی۔ نیرج کی تیسری تھرو ۸۳ء۷۲؍میٹر رہی جبکہ چوتھی کوشش میں وہ فاؤل کر بیٹھے۔ انہوں نے اپنی پانچویں کوشش چھوڑ دی اور چھٹی میں ۸۲ء۱۵؍میٹر کی تھرو کی۔ 
لوزان ڈائمنڈ لیگ ۲۰۲۶ءکے سیزن میں نیرج کا تیسرا مسابقتی ایونٹ تھا۔ انہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی اور گزشتہ ماہ گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں تھارنگا کے پیچھے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ لوزان میں ۸۸ء۰۵؍میٹر کی تھرو سیزن کی ان کی بہترین کارکردگی رہی۔ 
نیرج چوپڑا نے لوزان میں اس سے قبل ۲۰۲۲ء اور ۲۰۲۳ء میں کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ ۲۰۲۴ء میں وہ دوسرے مقام پر رہے تھے۔ گزشتہ سال دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں ۹۰ء۲۳؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ قائم کیا گیا ان کا قومی ریکارڈ اب بھی برقرار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK