فیفا نے ۲۰۲۶ء ورلڈ کپ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ارجنٹائنا فٹ بال اسوسی ایشن اور اس کے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ فائنل کے بعد ہاتھا پائی سمیت مختلف واقعات پر ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو معطلی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا۔
EPAPER
Updated: August 22, 2026, 7:10 PM IST | Ankara
فیفا نے ۲۰۲۶ء ورلڈ کپ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ارجنٹائنا فٹ بال اسوسی ایشن اور اس کے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ فائنل کے بعد ہاتھا پائی سمیت مختلف واقعات پر ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو معطلی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا۔
فیفا نے جمعہ کو ارجنٹائنا فٹ بال اسوسی ایشن (AFA) پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ۲۰۲۶ء کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران پیش آنے والے واقعات، جن میں اسپین کے خلاف فائنل کے بعد ہونے والی ہاتھا پائی بھی شامل ہے، پر ارجنٹائنا کے تین کھلاڑیوں اور ایک ٹیم عہدیدار کو معطل کردیا۔ ارجنٹائنا کے مڈفیلڈر لیاندرو پاریڈیس کو سب سے سخت سزا دی گئی۔ فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے انہیں ۱۰؍ میچوں کیلئے معطل کرتے ہوئے ۹۰؍ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ ڈیفنڈر ناہوئل مولینا کو ۷؍میچوں کیلئے معطل اور۹۰؍ ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا، جبکہ مڈفیلڈر تھیاغو الماڈا پر ایک میچ کی پابندی اور ۳۰؍ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: کاجل نے طلائی، تنو اور سویتا نے چاندی کا تمغہ جیتا
ارجنٹائنا کے ٹیم عہدیدار روبرٹو آیالا کو بھی۳؍میچوں کیلئے معطل کیا گیا اور ان پر۳۰؍ ہزار ڈالر جرمانہ عائد ہوا۔ اسپین کے مڈفیلڈر گاوی کو بھی اس واقعے میں ملوث ہونے پر ایک میچ کیلئے معطل اور۳۰؍ ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا۔ یہ سزائیں اس وقت سامنے آئیں جب گزشتہ ماہ امریکہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹائناکو شکست دینے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تنازع اور ہاتھا پائی ہوئی۔ فیفا نے ارجنٹائنا فٹ بال اسوسی ایشن پر ٹورنامنٹ کے دوران مختلف تادیبی خلاف ورزیوں پر۳؍ لاکھ۲۱؍ ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا۔ ان خلاف ورزیوں میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد متنازع جزائر فاک لینڈز، جنہیں ارجنٹائنا میں مالویناس کہا جاتا ہے، سے متعلق بینر کی نمائش بھی شامل تھی۔ جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف منصوبے پر خرچ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر کی رقم کو مشروط طور پر معطل رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چین کے پانچ کھلاڑی یو ایس اوپن کے مینز سنگلز مین ڈرا میں شامل ہوں گے
ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز اسٹیڈیم کی ۵۰؍فیصد گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ فیفا کے مطابق یہ سزائیں ان خلاف ورزیوں سے متعلق ہیں جن میں ’’کھیلوں کے ایونٹ کو غیر کھیلوں سے متعلق مظاہروں کے لیے استعمال کرنا، امتیازی سلوک، بدسلوکی اور سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی‘‘ شامل ہیں۔ عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی نے کہا کہ یہ فیصلے ورلڈ کپ کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے بعد کئے گئے ہیں، تاہم جہاں قابلِ اطلاق ہو وہاں ان فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔